Maktaba Wahhabi

510 - 552
اللہ تعالیٰ کے نزدیک دیگر اُمتوں کے لوگوں سے باعزت صحابہ ہیں ٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ((وأنہم ہم الصفوۃ من قرون ہذہ الأمۃ التی ہی خیر الامم واکر مہا علی اللہ عزوجلَّ۔)) ’’صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اس اُمت کے بہترین لوگ ہیں ، وہ امت جو کہ دیگر تمام امتوں سے بہترین اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ باعزت اُمت ہے۔‘‘ شرح:…اس امت کا تمام امتوں سے بہتر ہونا، اس ارشاد باری تعالیٰ کی وجہ سے ہے: ﴿کُنْتُمْ خَیْرَ اُمَّۃٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ تَنْہَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَ تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰہِ﴾ (آل عمران:۱۱۰) ’’تم بہترین امت ہو جسے لوگوں کے لیے نکالا گیا، تم نیکی کا حکم کرتے اور برائی سے منع کرتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو۔‘‘ دوسری جگہ فرمایا گیا ہے: ﴿وَکَذٰلِکَ جَعَلْنٰکُمْ اُمَّۃً وَّسَطًا لِّتَکُوْنُوْا شُہَدَآئَ عَلَی النَّاسِ﴾ (البقرۃ:۱۴۳) ’’اور اسی طرح ہم نے تم کو بہتر امت بنا یا تاکہ تم لوگوں پر گواہ ہو جاؤ۔‘‘ پھر چونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم خیر الرسل ہیں لہٰذا اس سے آپ کی امت کا خیر الامم ہونا ضروری ٹھہرتا ہے۔رہا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا اس اُمت کے بہترین لوگ ہونا، تو یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کی وجہ سے ہے: ’’بہترین لوگ میرے زمانے کے لوگ ہیں ۔‘‘[1] ایک دوسری حدیث کے الفاظ ہیں : ((خیر أمتی قرنی))… ’’میری امت کے بہترین لوگ میرے زمانے کے لوگ ہیں ۔‘‘[2]آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قرن سے مراد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہیں ، ان کے بعد کے لوگوں سے مراد تابعین اور ان کے بعد کے لوگوں سے مراد تبع تابعین ہیں ۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں : قرون ثلاثہ کا اعتبار اہل قرن کے جمہور کے اعتبار سے ہوگا۔ اور وہی اس قرن کے بہترین لوگ ہوں ۔ خلفائے اربعہ کی خلافت کے اختتام کے ساتھ ہی جمہور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا اختتام ہو گیا تھا، یہاں تک کہ اہل بدر میں سے چند لوگ ہی باقی رہ گئے تھے، جمہور تابعین کا اختتام ابن زبیر اور عبدالملک کی امارت میں اصاغر صحابہ کے زمانے کے اواخر میں ہوا، جبکہ جمہور تبع تابعین دولت امویہ کے اواخر اور دولت عباسیہ کے اوائل میں ختم ہو گئے تھے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے سب سے آخر میں فوت ہونے والے ابو طفیل عامر بن واثلہ لیثی رضی اللہ عنہ ہیں جن کا سن وفات ۱۰۰ ھ یا ۱۱۰ ھ ہے ’’فتح الباری‘‘ میں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں : لوگوں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ تبع تابعین رحمہم اللہ میں سے آخری آدمی ۲۲۰ ھ تک زندہ رہا۔ [3]
Flag Counter