اولیٰ جائز نہیں ہوگا۔ اگر کوئی شخص آپ سے یہ کہے کہ اللہ بھی موجود ہے اور انسان بھی موجود ہے، تو قیاس کی رو سے اللہ کا وجود انسان کے وجود جیسا ہی ہوگا۔ اس کے جواب میں ہم کہیں گے کہ یہ کہنا صحیح نہیں ہے، اس لیے کہ خالق کا وجود واجب ہے جبکہ انسان کا وجود ممکن۔
اگر وہ یہ کہے کہ میں خالق کی سماعت کو مخلوق کی سماعت پر قیاس کرتا ہوں ۔ تو ہم کہیں گے کہ ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔ خالق کی سماعت اس کے لیے واجب ہے اس میں کوئی نقص نہیں آسکتا اور وہ ہر شے کو شامل ہے۔ جبکہ انسان کی سماعت ممکن ہے، اس لیے کہ وہ بہرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے یا زندگی میں کسی وقت بھی اس میں نقص پیدا ہو سکتا ہے اور پھر اس کی سماعت محدود بھی ہے۔ لہٰذا للہ تعالیٰ کو اس کی مخلوق پر قیاس کرنا اور اس کی صفات کو مخلوق کی صفات پر قیاس کرنا ممکن نہیں ہے، اس لیے کہ خالق اور مخلوق کے درمیان عظیم تباین پایا جاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ کا علم اتم اور قول سب سے بڑھ کر سچا ہے
٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
(( فَإِنَّہُ أَعْلَمُ سُبْحَانَہُ بِنَفْسِہِ وَبِغَیْرِہِ ، وَأَصْدَقُ قِیْلًا ، وَأَحْسَنُ حَدِیْثًا مِنْ خَلْقِہِ۔))
’’اللہ تعالیٰ تو خود اپنی ذات کے بارے میں اور دوسروں کے بارے میں بہت زیادہ علم رکھتا ہے، اس کی بات سب سے سچی اور ساری مخلوق سے خوبصورت ہے۔‘‘
شرح:… جب کسی خبر میں چار صفات جمع ہو جائیں تو اسے قبول کرنا واجب ہو جاتا ہے۔
وصف اول:… اس کا صدور علم سے ہو، مولف نے ’’فانہ اعلم بنفسہ ولغیرہ‘‘ کہہ کر اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے۔
وصف ثانی :… صدق، مولف نے ’’واصدق قیلا‘‘ کہہ کر اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے۔
وصف ثالث:… بیان وفصاحت، اس کی طرف ان کے اس قول میں اشارہ ہے۔ ’’واحسن حدیثا‘‘
وصف رابع:… قصد وارادہ کی سلامتی، مخبر جن لوگوں کو خبر دے رہا ہے وہ انہیں رشد وہدایت سے نوازنا چاہتا ہو۔
وصف اول یعنی علم کی دلیل یہ قرآنی آیت ہے:
﴿وَ رَبُّکَ اَعْلَمُ بِمَنْ فِی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَ لَقَدْ فَضَّلْنَا بَعْضَ النَّبِیّٖنَ عَلٰی بَعْضٍ﴾ (الاسراء: ۵۵)
’’اور تیرا رب خوب جانتا ہے ان کو جو زمینوں میں ہیں اور جو آسمان میں ہیں اور یقینا ہم نے بعض نبیوں کو بعض پر درجہ دیا ہے۔‘‘
اللہ تبارک اپنے بارے میں اور دوسروں کے بارے میں بخوبی جانتا ہے وہ تم سے بڑھ کر تمہارا علم رکھتا ہے، وہ مستقبل میں وقوع پذیر ہونے والے امور سے بھی آگاہ ہے، جب کہ آپ یہ بھی نہیں جانتے کہ آپ کل کیا کچھ کمائیں گے۔
|