Maktaba Wahhabi

85 - 552
الحاد اور اس کے معانی ٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں : (( وَلَا یُلْحِدُوْنَ فِی أَسْمَائِ اللّٰہِ وَ آیَاتِہِ۔))’’اور وہ اللہ تعالیٰ کے اسماء اور اس کی آیات میں کج روی نہیں کرتے۔‘‘ شرح:…[وَلَا یُلْحِدُوْنَ] عربی زبان میں الحاد، میلان سے عبارت ہے، قبر میں لحد کو اس نام سے موسوم کرنے کی وجہ بھی یہ ہے کہ وہ اس کے درمیان میں نہیں بلکہ ایک طرف میں ہوتی ہے، درمیان میں کھودے گئے حصے کو شق کہا جاتا ہے۔ اور لحد، شق سے افضل ہوتی ہے۔ اہل سنت نہ تو اسماء باری تعالیٰ میں کج روی اختیار کرتے ہیں اور نہ ہی آیات باری تعالیٰ میں ، مؤلف ہمیں یہ بتانا چاہتے ہیں کہ الحاد اسماء میں بھی ہوتا ہے اور آیات میں بھی۔ قرآن اس کی تائید یوں کرتا ہے: ﴿وَ لِلّٰہِ الْاَسْمَآئُ الْحُسْنٰی فَادْعُوْہُ بِہَا وَ ذَرُوا الَّذِیْنَ یُلْحِدُوْنَ فِیْٓ اَسْمَآئِہٖ سَیُجْزَوْنَ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَo﴾ (الاعراف: ۱۸۰) ’’اور اللہ کے اچھے اچھے نام ہیں ، تو تم اسے ان کے ساتھ پکارو، اور ان لوگوں کو چھوڑ دو جو اس کے ناموں میں کج روی کرتے ہیں ، وہ عنقریب اپنے اعمال کی سزا پائیں گے۔‘‘ اور دوسری جگہ ارشاد فرمایا: ﴿اِِنَّ الَّذِیْنَ یُلْحِدُوْنَ فِیْ اٰیٰتِنَا لَا یَخْفَوْنَ عَلَیْنَا﴾ (فصلت: ۴۰) ’’بے شک جو لوگ ہماری آیات میں کج روی اختیار کرتے ہیں وہ ہم سے مخفی نہیں ہیں ۔‘‘ اسماء میں الحاد کا معنیٰ ہے: واجب چیز میں کج روی اختیار کرنا اور اس کی چند قسمیں ہیں : قسم اوّل:… اللہ تعالیٰ کو وہ نام دیا جائے جس کے ساتھ اس نے اپنے آپ کو موسوم نہیں کیا، جیسا کہ فلاسفہ نے اسے علۃ فاعلہ اور نصاریٰ نے اسے باپ اور عیسیٰ کو ابن (بیٹا) کا نام دیا۔ یہ اسماء اللہ میں الحاد ہے، اسی طرح ہر وہ شخص ملحد ہوگا جو اللہ تعالیٰ کو اس نام کے ساتھ موسوم کرے جس کے ساتھ اس نے اپنی ذات کو موسوم نہ کیا ہو۔ اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نام توقیفی ہیں ، لہٰذا ہم اس کے لیے وہی تام ثابت کر سکتے ہیں جو نص سے ثابت ہوں اگر کسی نے اس سے ہٹ کر اپنی طرف سے اللہ تعالیٰ کو کوئی نام دیا تو اس نے کج روی اختیار کی اور واجب سے انحراف کیا۔ اللہ تعالیٰ کو اپنی طرف سے کسی نام کے ساتھ موسوم کرنا اس کی بے ادبی کرنا اور اس کے حق میں ظلم وعدوان روا رکھنا ہے۔ اس لیے کہ اگر کوئی شخص آپ کو آپ کے نام سے ہٹ کر کسی اور نام سے پکارے گا تو اس کا یہ عمل ظلم وزیادتی کے زمرے میں آئے گا۔ یہ تو مخلوق کے بارے میں ہے۔ خالق کے بارے میں کیا کچھ ہونا چاہیے؟ یہ فیصلہ آپ کر لیں ۔ قسم دوم:… اللہ تعالیٰ کے کسی نام کا انکار کرنا، پہلے شخص نے اللہ تعالیٰ کو اس نام کے ساتھ موسوم کیا جس کے ساتھ اس نے اپنے آپ کو موسوم نہیں کیا۔ جبکہ اس نے اس کے اس نام سے انکار کر دیا، جس کے ساتھ اس نے اپنی ذات کو موسوم
Flag Counter