Maktaba Wahhabi

564 - 552
صالحین کی جماعت ٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ((وفہیم الصالحون۔)) شرح:… صالحفاسد کی ضد ہے، صالح وہ شخص ہے، جو حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کا التزام کرتا ہو۔ صالح اور مصلح میں بہت فرق ہے۔ اصلاح صلاح پر ایک زائد وصف ہے۔ اس بناء پر ہر صالح مصلح نہیں ہوا کرتا اس لیے کہ صالحین میں کچھ ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جس کے پیش نظر صرف اپنی ذات ہوتی ہے اور اسے کسی دوسرے کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی، صلاح اصلاح کے ساتھ ہی مکمل ہوتی ہے۔ ٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ((ومنہم اعلام الہدی ومصابیح الدجی۔)) ’’اور ان میں راہنمایان ہدایت اور اندھیرے کے چراغ ہیں ۔‘‘ شرح:… [اعلام]… علم کی جمع ہے، جس کا اصل معنی پہاڑ ہے۔ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَمِنْ اٰیٰتِہٖ الْجَوَارِ فِی الْبَحْرِکَالْاَعْلَامِo﴾ (الشوریٰ: ۳۲) ’’اور اس کی نشانیوں میں سے سمندر میں تیرنے والی کشتیاں ہیں جو پہاڑوں جیسی ہوتی ہیں ۔‘‘ پہاڑ کو علم سے موسوم کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اس سے راہنمائی حاصل کی جاتی اور دلیل لی جاتی ہے اور ’’اعلام الہدی‘‘ وہ لوگ ہوتے ہیں جنہیں لوگ دلیل کے طور پر پیش کرتے اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہیں اور وہ ہیں علماء حق، یہی لوگ ہدایت دینے والے اور اندھیروں کو اجالوں میں تبدیل کرنے والے ہیں ۔ [مصابیـح]… مصباح کی جمع ہے، بمعنی چراغ، روشنی بہم پہنچانے کا ذریعہ۔ [الدجی]… دجیۃ کی جمع ہے، بمعنی تاریکی، یعنی وہ تاریکیوں کے چراغ ہیں ، جن کے ساتھ لوگ روشنی حاصل کرتے اور ان کی روشنی میں چلا کرتے ہیں ۔ ٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ((اولو المناقب المأثورۃ والفضائل المذکورۃ۔)) ’’مناقب ماثورہ والے اور فضائل مذکورہ والے۔‘‘ شرح:…[المناقب]…یہ منقبۃ کی جمع ہے، جو کہ مرتبہ کے معنی میں ہے، یعنی وہ عز وشرف اور مقام ومرتبہ جس پر انسان فائز ہو۔
Flag Counter