Maktaba Wahhabi

195 - 552
ہوگا۔ مگر پہلا معنیٰ زیادہ ٹھوس اور قوی ہے۔ جو لوگ لفظ مشترک کے لیے اس کے دونوں معنوں میں جواز کے قائل ہیں ، ان کے طریقہ کی رو سے ہم اس آیت کو ان دونوں معانی پر محمول کر سکتے ہیں ، اس لیے کہ ان میں کوئی منافات نہیں ہے۔ لہٰذا کہا جا سکتا ہے کہ اللہ کے چہرے کے علاوہ ہر شے فانی ہے اور تمام اعمال عبث وبیکار جائیں گے۔ بجز ان اعمال کے جن سے اللہ کی رضا کا حصول مقصود ہوگا۔ الغرض معنی جو بھی کریں یہ آیت میں اللہ تعالیٰ کے لیے چہرے کے ثبوت پر دلالت کرتی ہے۔ چہرے کا شمار صفات ذاتیہ خبریہ میں ہوتا ہے، جن کا مسمی ہماری نسبت سے ابعاض واجزاء ہیں ، ہم اسے صفات ذاتیہ معنویہ میں شمار نہیں کر سکتے، اس لیے کہ اس طرح ہم ان لوگوں کے ساتھ موافقت اختیار کر لیں گے جو کتاب اللہ میں تحریف کرتے ہوئے اس کی تاویل کرتے ہیں ، ہم یہ بھی نہیں کہتے کہ چہرہ اللہ تعالیٰ کا جز یا اس کا بعض حصہ ہے، اس لیے کہ اس سے ذات باری تعالیٰ میں نقص کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔ اہل تحریف اللہ کے چہرے کی تفسیر اللہ کے ثواب کے ساتھ کرتے ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ اللہ کے ثواب کے علاوہ ہر شے فانی ہے۔ چہرہ جو کہ صفت کمال ہے انہوں نے اس کی تفسیر ایک مخلوق چیز کے ساتھ کر دی جو کہ اللہ سے الگ ہے، اور جو عدم اور وجود دونوں کے قابل ہے، ثواب حادث ہے جو عدم سے وجود میں آیا اور اگر اللہ اس کی بقاء کا وعدہ نہ کرے تو اس کا عقلاً ارتفاع بھی جائز ہے۔ مختصراً جب انہوں نے چہرے کی تفسیر ثواب سے کر ڈالی تو اس کا شمار امکانیات کے باب میں ہونے لگا جس کا وجود بھی جائز ہوتا ہے اور عدم وجود بھی۔ محرفین کا یہ قول مندرجہ ذیل وجوہات کی بناء پر مردود ہے۔ اولاً: ان کا یہ قول لفظ کے ظاہری مفہوم کے خلاف ہے، جس کی رو سے یہ ایک خاص چہرہ ہے ثواب ہرگز نہیں ہے۔ ثانیاً: یہ اجماع سلف کے خلاف ہے، ان میں سے کسی ایک کا بھی یہ قول نہیں ہے کہ چہرے سے مراد ثواب ہے۔ ان کی کتابیں بالکل محفوظ حالت میں ہمارے سامنے پڑی ہیں ، صحابہ کرام، ائمہ تابعین اور تبع تابعین سے مروی کوئی ایک بھی ایسی نص پیش نہیں کی جا سکتی کہ ان میں سے کسی نے چہرے کی یہ تفسیر کی ہو۔ ثالثاً: کیا یہ ممکن ہے کہ ثواب کو ﴿ذُو الْجَلَالِ وَالْاِِکْرَامِ﴾ (الرحمٰن: ۲۷) جیسی صفات عظیمہ سے متصف کیا جاسکے؟ نہیں ، ایسا ہرگز ممکن نہیں ہے۔ رابعًا:تم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کے بارے میں کیا کہو گے: ’’اس کا حجاب نور ہے، اگر وہ اس حجاب کو ہٹا دے تو اس کے چہرے کی تجلیاں اس کی مخلوق میں سے ہر چیز کو جلا کر راکھ کر دیں ۔‘‘[1] کیا اس کے ثواب کی بھی یہ حیثیت ہو سکتی ہے؟ ہرگز نہیں ۔
Flag Counter