Maktaba Wahhabi

303 - 829
سوال: چند دنوں سے ہمارے ایک قاری صاحب ہر نمازِ جنازہ میں ننگے سَر پر سخت تنقید کرتے ہیں۔ وہ یہ الفاظ ادا کرتے ہیں۔‘‘ مسلمان مذہب کے اندر بامرِ مجبوری سَر ننگے سے عام نماز یا نمازِ جنازہ ہو جاتی ہے جہاں کپڑا مل جائے اور انسان جان بوجھ کر ننگے سَر سے نماز پڑھے تو اُس کی نماز نہیں ہوتی۔‘‘ آپ قرآن و حدیث کی روشنی میں مجھے دلیل کے ساتھ جواب دیں۔ جواب: کسی مجبوری کے بغیر بھی ننگے سَر نماز پڑھنا جائز ہے صحیح بخاری ’’باب عقد الإزار علی القفا فی الصلاۃ‘‘ کے تحت حضرت جابر رضی اللہ عنہ کا قصہ موجود ہے، کہ انھوں نے دوسرے کپڑے کی موجودگی کے باوجود صرف ازار بَند کو گدی پر باندھ کر نماز پڑھی۔ دوسرے شخص نے جب اعتراض کیا، تو فرمایا: (( انَّمَا صَنَعتُ ذٰلِکَ لِیَرَاَنِی أَحمَقُ مِثلُکَ )) [1] یعنی ’’میں نے یہ فعل اس لیے کیا ہے، تاکہ تجھ جیسا بے وقوف مجھے دیکھ لے۔‘‘ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماے ہیں: (( وَالغَرضُ بَیَانُ جَوَازِ الصَّلَاۃِ فِی الثَّوبِ الوَاحِدِ، وَ لَو کَانَت الصَّلٰوۃُ فِی الثَّوبَینِ أَفضَلُ ، فَکَأَنَّہٗ قَالَ: صَنَعتُہٗ عَمَدًا لِبَیَانِ الجَوَازِ: إِمَّا لِیَقتَدِیَ بِی الجَاھِلُ إِبتِدَائً، أَو یُنکِرُ عَلَیَّ، فَاُعلِمُہٗ أَنَّ ذٰلِکَ جَائِزٌ)) (فتح الباری(۱؍۴۶۷) مقصود اس سے ایک کپڑے میں نماز پڑھنے کا جواز بیان کرنا ہے، اگرچہ دو میں افضل ہے ۔ گویا کہ اس نے اس فعل کو جواز بیان کرنے کے لیے عمداً کیا ہے، تاکہ جاہل انسان ابتداءً میری اقتداء کرسکے یا مجھ پر انکار کرے، تو میں وجہ جواز بیان کردوں؟ نیز صحیح بخاری میں’’باب الصلاۃ فی القمیص والسراویل والتبان والقباء‘‘ کے تحت حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے۔ یعنی انسان تہ بند اور چادر میں بھی نماز پڑھ سکتا ہے۔ نیز تہ بند اور قمیص میں، تہہ بند اور چوغہ میں، پاجامہ اور چادر میں، پاجامہ اور قمیص میں۔ صحیح ابن حبان میں بروایت ابی ہریرۃ رضی اللہ عنہ اسی مفہوم کی ایک مرفوع روایت بھی بیان ہوئی ہے۔ پھر رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کپڑا فراخ ہونے کے وقت کندھے ڈھانکنے کا حکم دیا ہے سَرکا نہیں۔ اس سے صاف معلوم ہوا کہ نماز میں سَر ڈھانکنا ضروری نہیں۔مولوی احمد رضا بریلوی نے ’’احکامِ شریعت‘‘ میں ننگے سَر نماز پڑھنے کو زیادہ خشوع و خضوع کا باعث قرار دیا ہے۔ لہٰذا قاری صاحب موصوف کو اپنے متشددانہ موقف پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ (واﷲ ولی التوفیق)
Flag Counter