Maktaba Wahhabi

203 - 829
جائز ہے اور اگر کوئی قیام پر قادر نہ ہو تو بیٹھ کر پڑھ سکتا ہے، لیکن اس حالت میں اگر نیچے اتر کر موقع میسر آجائے، تو نیچے پڑھنی چاہیے۔ مزید تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو! ’’ نیل الأوطار‘‘جز:۳،ص:۲۱۱۔۲۱۲) کیا ریل گاڑی میں نماز ادا کی جا سکتی ہے؟ سوال: ریل گاڑی میں عموماً لوگ نماز پڑھتے ہیں۔ اس میں بھی اختلاف ہے اس کی بھی وضاحت فرمائیں! جواب: بعض روایات میں کشتی میں نماز پڑھنے کا جواز ہے۔ ملاحظہ ہو!المنتقٰی:باب الصلوٰۃ فی السفینۃ۔ تو اس سے ریل میں نماز پڑھنے کے جواز کی بھی دلیل لی جا سکتی ہے جیسے بھی ممکن ہو کھڑے ہو کر یا بیٹھ کر۔قرآن میں ہے :﴿ لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفسًا اِلَّا وُسعَھَا ﴾(البقرۃ :۲۸۶) ’’اﷲ کسی شخص کو اس کی طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتا۔‘‘ ہاں البتہ اگر آسانی سے زمین پر نماز پڑھنے کا موقع میسر آجائے تو پھر نیچے ہی پڑھنی چاہیے۔ اندھیرے میں نماز پڑھنا صحیح ہے یا نہیں؟ سوال: اندھیرے میں نماز پڑھنا صحیح ہے یا نہیں؟ حالانکہ اندھیرے میں نماز پڑھنے میں سکون ملتا ہے۔ جواب: اندھیرے میں نماز پڑھنے کا جواز ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے ، کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم روشنی کے بغیر رات کو نماز پڑھتے تھے۔ ((وَالبُیُوتُ یَومَئِذٍ لَیسَ فِیھَا مَصَابِیحُ)) [1] قبر والی مساجد میں نماز پڑھنا قبرستان میں تعمیر کیے گئے مدرسہ میں نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے؟ سوال: ہمارے علاقے میں ایک مدرسہ قبرستان میں بنایا گیا ہے، اس کے اردگرد کچھ قبریں ہیں۔سوال یہ ہے کہ کیا اس مدرسے میں نماز ادا کی جا سکتی ہے؟ جواب: متعدد احادیث میں قبرستان میں نماز پڑھنے کی ممانعت وارد ہے۔ اس لیے وہاں موجود مسجد میں نماز پڑھنی منع ہے۔ بلکہ اس کا بانی شریعت کی نگاہ میں ملعون ہے۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((لَعَنَ اللّٰہُ الیَھُودَ وَالنَّصَارٰی اِتَّخَذُوا قُبُورَ أَنبِیَائِ ھِم مَسَاجِدَ)) [2]
Flag Counter