Maktaba Wahhabi

483 - 829
ترکِ رفع یدین پر اہلِ مدینہ کا مؤقف: سوال: ترکِ رفع یدین پر اہلِ مدینہ کا اجماع ہے: ((قَالَ ابنُ القَیِّمِ مِن اُصُولِ مَالِکٍ: اِتِّبَاعُ عَمَلِ اَھلِ المَدِینَۃِ، وَ اِن خَالَفَ الحَدِیثُ المَالِکِیَّۃَ قَالُوا :رَفعُ الیَدَینِ حَذوَ المَنکَبَینِ عِندَ تَکبِیرَۃِ الاِحرَامِ مَندُوبٌ۔ وَ فِیمَا عَدَا ذَالِکَ مَکرُوہٌ )) [1] جواب: صاحب کتاب ’’الفقہ علی المذاہب الاربعۃ‘‘ کا ترکِ رفع یدین پر اہلِ مدینہ کا اجماع نقل کرنا غفلت کی دلیل ہے، جب کہ واقعات اس دعویٰ کی تردید کرتے ہیں۔ نیز امام مالک کی طرف منسوب اصول بھی محل نظر ہے۔ کیونکہ امام مالک رحمہ اللہ سے منقول ہے، کہ ہر ایک کی بات کو قبول بھی کیا جا سکتا ہے اور چھوڑا بھی جا سکتا ہے۔ سوائے صاحب قبر یعنی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے۔ اس سے معلوم ہوا، کہ امام مالک کے نزدیک اصل سندِ حدیث ہے۔امام بخاری رحمہ اللہ ((جُزئُ رَفعِ الیَدَینِ)) میں فرماتے ہیں: ((وَلَم یَثبُت عِندَ اَھلِ النَّظرِ عَمَّن اَدرَکنَا مِنَ الحِجَازِ وَ اَھلِ العِرَاقِ)) ’’حجاز اور عراق کے جن اہل نقد والتحقیق اور علمائے نظر کا ہمیں علم ہے ان سے ترکِ رفع الیدین ثابت نہیں۔‘‘ نیز تکبیرۃ الاحرام کے علاوہ مالکیہ کی طرف کراہتِ رفع کی نسبت کرنا بھی غیر درست ہے ۔کیونکہ حافظ ابن عبد البر نے کہا ہے: کہ مالک رحمہ اللہ سے رکوع کو جاتے اور اٹھتے ترکِ رفع صرف ابن القاسم نے ذکر کیا ہے جب کہ ہمارے نزدیک حجت وہ حدیث ہے، جو ابن عمر سے مروی ہے، جسے ابن وہب وغیرہ نے مالک رحمہ اللہ سے بیان کیا ہے اور ترمذی نے مالک رحمہ اللہ وغیرہ سے صرف یہی مذہب نقل کیا ہے۔ خطابی نے نقل کیا، اور اس کی پیروی میں قرطبی نے((المفھم)) میں کہا: کہ مالک رحمہ اللہ کے دو قولوں سے آخری اور صحیح ترین قول یہی(رفع یدین والا) ہے۔ حافظ عراقی نے ’’ طرح التثریب‘‘ میں کہا، اس قول کی حکایت مالک رحمہ اللہ سے ابو مصعب، اشہب ، الولید بن مسلم اور سعید بن ابی مریم نے کی ہے اورترمذی نے بھی مالک سے اس بات کو جزم سے نقل کیا ہے۔ مسئلہ ہذا کی مکمل تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو!مرعاۃ المفاتیح (۱؍۵۲۹۔۵۴۹)
Flag Counter