Maktaba Wahhabi

491 - 829
گا۔ اگر رکوع کے بعد ملا تو پھر چار رکعتیں ظہر کی پڑھے گا۔ اگر جمعہ میں مُدرِکِ رُکُوع مُدرِکِ رکعت ہے تو باقی نمازوں میں کیوں نہیں؟ جواب: اصل بات یہ ہے، کہ جمعہ کے دن بھی ’’مُدرِکِ رُکُوع،(رکوع میں شامل ہونے والا) مُدرِکِ رکعت نہیں، یہاں جو اختلافی نکتہ ہے، وہ یہ ہے، کہ جمعہ کے دن نمازی کم از کم کتنی نماز امام کے ساتھ پائے، تو وہ ’’مُدرِکِ جمعہ‘‘(جمعہ میں شامل ہونے والا) سمجھا جائے گا۔ امام ترمذی رحمہ اللہ نے اکثر اہلِ علم سے نقل کیا ہے، کہ کم از کم ایک رکعت مکمل پائے، تو وہ ’’مُدرِکِ جمعہ‘‘ سمجھا جائے گا۔ ان حضرات کا چند ایک احادیث سے استدلال ہے۔ لیکن صاحب ’’تحفۃ الاحوذی‘‘ رحمہ اللہ نے ان کو ضعیف قرار دیا ہے۔ دوسری طرف امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ اور ان کے موافقین کا مسلک ہے، کہ مقتدی امام کو جونسے جُزء میں پائے۔ اگرچہ وہ تشہد میں ہی کیوں نہ ہو، وہ ’’مُدرِکِ جمعہ‘‘ ہی سمجھا جائے گا۔ علامہ مبارک پوری رحمہ اللہ نے بھی عمومِ حدیث (( فَمَا أَدرَکتُم فَصَلُّوا وَمَا فَاتَکُم فَأَتِمُّوا )) [1] کے پیشِ نظر اس مذہب کو راجح قرار دیا ہے۔ پھر پہلے مسلک پر تبصرہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں: مجھے کسی بھی صحیح صریح حدیث کا علم نہیں ہو سکا، جو ان کے نظریہ کی مؤید ہو۔ [2] لیکن علامہ البانی نے ابنِ عمر رضی اللہ عنہما کی روایت، (جس میں جمعہ کی کم از کم ایک رکعت پانے کا تذکرہ ہے)کو مرفوع اور موقوف صحیح قرار دیا ہے اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت سے اس کو ضعیف گردانتے ہیں۔ بحث کے اختتام پر فرماتے ہیں : ((وَ جُملَۃُ القَولِ أَنَّ الحَدِیثَ بِذِکرِ الجُمُعَۃِ صَحِیحٌ مِن حَدِیثِ ابنِ عُمَرَ، مَرفُوعًا، وموقوفًا، لامن حدیث أبی ہریرۃ (واللّٰہ ولی التوفیق))) [3] ظاہر ہے حدیث ابن عمر رضی اللہ عنہما کے اثبات کی صورت میں ترجیح پہلے مسلک کو ہوگی۔ (واﷲ اعلم) رکوع میں ملنے والے کی رکعت کا حکم: سوال: اہلِ حدیث میں اس مسئلہ پر اختلاف ہے ایک جماعت رکعت ہو جانے کی قائل ہے جب کہ دوسری کہتی ہے کہ رکعت نہیں ہوتی حالانکہ دونوں ’’سورۃ فاتحہ‘‘ پڑھنے کو فرض سمجھتے ہیں۔
Flag Counter