Maktaba Wahhabi

222 - 829
اب تحقیق طلب بات یہ ہے کہ اگر سنت ِرسول صلی اللہ علیہ وسلم اور قرونِ اولیٰ کے مطابق تثویب کا عمل اذانِ اول میں ہی رہا تھا تو پھر متاخرین میں دوسری اذان میں تثویب کا رواج کیسے پاگیا؟ ان کے پاس اس کے دفاع کی کیا دلیل ہے؟ اگر یہ کہا جائے کہ چونکہ کئی جگہوں پرایک اذان صلوٰۃ الفجر ہی کہی جاتی ہے، اس لئے اس میں ہی تثویب کا رواج پاگیا تو پھربھی یہ نبوی اذان میں اپنی طرف سے اضافہ ٹھہرے گا جسے بے نقاب کرنا علماء کا فرض ہے ورنہ عوام اسی کو صحیح سنت سے تعبیر کریں گے۔ اس مسئلے کا حل فرما کر عنداللہ ماجور ہوں۔ (ڈاکٹرعبیدالرحمن چوہدری،مصطفی آباد، لاہور) ۱۔ جواب: الجواب بعون الوہاب ( از مولانا حافظ عبد القہار، کراچی منقول از ’’صحیفہ اہلحدیث‘‘کراچی) صورتِ مسؤلہ میں واضح ہو کہ شرعاً الصلاۃ خیر من النوم صبح کی اذان میں حی علی الفلاح کے بعد دو بار موذن کوکہنا چاہئے۔ مشروع و مسنون یہی ہے جس کے مفصل دلائل محولہ بالا فتویٰ میں بیان ہوچکے ہیں جو کثیر تعداد میں ہیں اور زیادہ صحیح و قوی ہیں۔ البتہ سنن نسائی میں ابوسلیمان کی سند سے ابومحذورہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے : ((کُنْتُ أُؤَذِّنُ لِرَسُولِ اللَّہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ وَکُنْتُ أَقُولُ فِی أَذَانِ الْفَجْرِ الْأَوَّلِ: حَیَّ عَلَی الْفَلَاحِ. الصَّلَاۃُ خَیْرٌ مِنَ النَّوْمِ. الصَّلَاۃُ خَیْرٌ مِنَ النَّوْمِ. اللَّہُ أَکْبَرُ. اللَّہُ أَکْبَرُ. لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّہُ .)) [1] ’’فرماتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے اذان دیتا تھا تو میں فجر اوّل کی اذان میں حی علی الفلاح کہہ کر الصلاۃخیر من النوم پھر اﷲ اکبر،ﷲ اکبر لا إلہ إلا اﷲ کہتا تھا۔‘‘ (ج۱، ص۷۵، مطبع رحیمیہ، دہلی) اس حدیث کو اگرچہ علامہ البانی رحمہ اللہ نے صحیح نسائی میں شمار کیا ہے، جبکہ ابومحذورہ رضی اللہ عنہ کی بیت الحرام کے پاس اذان دینے والی حدیث اور ایک ایک حرف نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ابو محذورہ رضی اللہ عنہ والی حدیث جس میں فجر کی اذان میں الصلاۃ خیر من النوم کہنے کا ذکر ہے، ان دونوں کو صحیح نسائی اور صحیح ابوداود میں شمار کیا ہے اور صحیح قرار دیا ہے، اور نسائی والی روایت فجر اوّل میں الصلاۃ خیر من النوم کہنے والی سند میں جسے ابوجعفر الفراء سے سفیان ثوری کی روایت سے امام نسائی نے ذکر کیا اور مراد لیا ہے، لیکن حقیقت میں وہ ابوجعفر الفراء نہیں ہے۔ اس طرح یہ مجہول العین کی روایت شمار ہوگی جو کہ ضعیف کہلاتی ہے۔
Flag Counter