Maktaba Wahhabi

202 - 756
اپنے رب کا اعتراف کیا کہ وہ آسمان پر ہے، اور اسی لیے انہوں نے اس کے صحیح ہونے کا جھٹ سے انکار کردیا، رہی وہ مذکورہ آیت تو انہوں نے اپنی بیمار عقلوں کے ذریعے اس کی دلالت کو معطل قرار دیا، یہ اس لیے کہ انہوں نے کلی طور پر اپنے ذہنوں کی طرف جلدی کی کہ یہاں ’’في‘‘ ظرفیہ ہے، اور یہ واضح غلطی ہے، تو انہوں نے اس سے فرار حاصل کیا تو انہوں نے ’’مَن‘‘ کی فرشتوں سے تاویل کی، تو وہ ایک دوسری غلطی میں مبتلا ہوگئے، لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان: ’’ارْحَمُوا مَنْ فِی الْاَرْضِ، یَرْحَمْکُمْ مَنْ فِی السَّمَائِ‘‘ ’’جو زمین پر ہیں ان پر رحم کرو، جو آسمان پر ہے وہ تم پر رحم کرے گا۔‘‘ ان کی راہ میں رکاوٹ بن گیا، پس یہ اس بارے میں صریح ہے کہ حدیث کے دونوں حصوں میں ’’فی‘‘ ’’علی‘‘ کے معنی میں ہے‘ اور جب بعض جاہل گمراہوں نے دیکھا کہ یہ ان کی تاویل مذکور ختم کردے گا تو اس (جاہل گمراہ) نے اپنی مکمل ڈھٹائی اور جاہلیت کے ساتھ کہہ دیا کہ وہ حدیث باطل ہے۔[1] اس میں اس نے تمام علماء حتیٰ کہ اپنے گمراہ شیوخ کی بھی مخالفت کی، جیسا کہ میں نے اسے ’’الصحیحۃ‘‘ جلد دوم، طبع عمان رقم(۱۲) کے آخر میں بیان کیا ہے۔ مقصود یہ ہے کہ آیت مذکورہ ’’أَ أَمِنْتُمْ مَّنْ فِی السَّمَائِ‘‘ کا معنی ہے: یعنی جو آسمان پر ہے، یعنی: عرش کے اوپر، جیسا کہ ابن عبد البر نے (۷/۱۲۹، ۱۳۰، ۱۳۴) بیان کیا، اور جس طرح بیہقی نے ’’الاسماء‘‘ (۳۷۷) میں بیان کیا: ’’یعنی جو آسمان کے اوپر ہے۔‘‘ اللہ تعالیٰ کے لیے علو و فوقیت کے اثبات پر دلالت کرنے والی قرآن و سنت کی تمام نصوص کو تسلیم کرنے والا شخص اس تفسیر کے علاوہ کوئی اور تفسیر نہیں کرسکتا اور یہ علو و فوقیت اسی طرح ہے جس طرح اس کی عظمت شان کے لائق ہے، جیسا کہ اس نے فرشتوں کے بارے میں فرمایا: ﴿یَخَافُوْنَ رَبَّہُمْ مِّنْ فَوْقِہِمْ﴾ (النحل:۵۰) ’’وہ اپنے رب سے ڈرتے ہیں جو ان کے اوپر ہے۔‘‘ اور اس کے علاوہ دیگر مشہور آیات اہل السنہ والجماعہ کا یہی عقیدہ ہے اور وہ معتزلہ اور جہمیہ کے اس عقیدے کہ اللہ ہر جگہ ہے اور وہ عرش پر نہیں ہے، کے خلاف ہیں۔ جیسا کہ ’’التمہید‘‘ (۷/۱۲۹) میں ہے: ان نفی کرنے والوں کا عجیب معاملہ ہے کہ وہ اپنی اس نفی سے اپنے رب کی تنزیہ مراد لیتے ہیں کہ وہ مخلوقات سے اوپر ہو، پس انہوں نے اسے اس کے اندر محصور کردیا، جیسا کہ بشر المریسی سے روایت کیا گیا کہ جب اس نے کہا: وہ ہر جگہ ہے! اس سے پوچھا گیا: تمھاری اس ٹوپی میں بھی؟ اس نے کہا: ہاں، اس سے کہا گیا: گدھے کے پیٹ میں بھی؟ اس نے کہا: ہاں!
Flag Counter