Maktaba Wahhabi

336 - 485
مہنا کہتے ہیں : میں نے احمد سے حدیث حبیب بن الشہید عن میمون بن مہران عن ابن عباس رضی اللہ عنہما کے بارے میں پوچھا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے پچھنا لگوایا اور وہ روزے سے تھے اور حالت احرام میں تھے ، یہ کیسی حدیث ہے؟ تو انہوں نے کہا: صحیح نہیں ہے اور یحییٰ بن سعید انصاری نے اسے منکر کہا ہے [1] صرف میمون بن مہران کی احادیث بروایت ابن عباس رضی اللہ عنہما پندرہ ہیں ۔ اثرم کہتے ہیں : میں نے ابو عبداللہ کو اس حدیث کا تذکرہ کرتے ہوئے سنا چنانچہ انہوں نے اسے ضعیف قرار دے دیا اور فرمایا: انصاری کی کتابیں فتنہ کی نذر ہو گئیں ۔ اس کے بعد وہ اپنے غلام کی کتابوں سے روایت کرنے لگے اور یہ حدیث انہی میں سے ہے۔ اور مہنا کہتے ہیں : میں نے احمد سے حدیث قبیصہ کے بارے میں پوچھا جو انہوں نے سفیان سے بواسطہ حماد بواسطہ سعید بن جبیر بروایت ابن عباس رضی اللہ عنہما نقل کی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے روزے اور احرام کی حالت میں پچھنا لگوایا تو انہوں نے فرمایا: یہ قبیصہ کی طرف سے غلطی کا نتیجہ ہے۔ اور میں نے قبیصہ کے بارے میں یحییٰ سے پوچھا تو انہوں نے کہا سچا آدمی ہے اور جس حدیث کی انہوں نے سفیان سے بواسطہ سعید روایت کی ہے اس میں ان کی طرف سے غلطی ہو گئی ہے۔ مہنا کہتے ہیں : اور میں نے احمد سے حدیث ابن عباس رضی اللہ عنہما کے بارے میں پوچھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پچھنا لگوایا اور بحالت احرام و صیام تھے؟ تو آپ نے فرمایا: اس میں صائم کا لفظ نہیں ہے صرف محرم کا لفظ ہے۔اس کا ذکر سفیان نے بواسطہ عمرو بن دینار بواسطہ طاؤس بروایت ابن عباس رضی اللہ عنہما اسی طرح کیا ہے۔
Flag Counter