Maktaba Wahhabi

274 - 485
فصل…5 شیخ الاسلام رحمہ اللہ نے ایک دوسرے مقام پر لکھا ہے کہ اسحاق بن موسیٰ رحمہ اللہ نے امام مالک رحمہ اللہ سے سوال کیا کہ اہل مدینہ کس قسم کے گانے کو مباح سمجھتے ہیں ؟ تو امام مالک رحمہ اللہ نے جواب دیا کہ یہ فعل ہمارے یہاں صرف فاسق ہی کرتے ہیں اور امام مالک رحمہ اللہ کی یہ تصریح ان کے مذہب کی کتابوں میں مشہور و معروف ہے۔ بعض لوگوں نے امام مالک رحمہ اللہ کی نسبت کہا ہے کہ انہوں نے ستار یا سارنگی سے شغل کیا ہے، یہ ایک سخت تہمت ہے جو جاہلوں کی ایجاد کردہ ہے۔ یہ میں نے اس لیے بیان کر دیا کہ ابو عبد الرحمن سلمی اور محمد بن طاہر مقدسی نے اس باب میں بکثرت حکایات و آثار نقل کیے ہیں ، تو جو لوگ علم صحیح اور احوال سلف سے واقف نہیں ہیں وہ ان کی تحریروں سے دھوکے میں پڑ سکتے ہیں ۔ شیخ ابو عبدا لرحمن سلمی میں نیکی، زہد، دین اور تصوف تھا، مگر وہ اپنی کتابوں میں اپنے مقصود کے مطابق صحیح اور غلط روایات جمع کر گئے ہیں ، چنانچہ ان کی کتابوں میں ایسی باتیں بھی موجود ہیں جو دین میں نفع پہنچا سکتی ہیں اور ایسی باتیں بھی ہیں جو نا واقفوں کے لیے نقصان دینے والی ہیں ۔ بعض اہل علم نے ان کی روایت قبول کرنے میں تامل بھی کیا ہے حتیٰ کہ امام بیہقی جب ان سے روایت کرتے تھے تو تصریح کر دیا کرتے تھے کہ یہ ابو عبد الرحمن نے ہی اپنے اصل سماع سے سنایا ہے۔ محمد بن طاہر مقدسی اچھے محدث تھے اور حدیث رجال حدیث سے پوری واقفیت رکھتے تھے مگر اکثر متاخرین اہل حدیث و اہل زہد کی طرح وہ بھی ہر صحیح و غلط روایت کو جمع کر دیا کرتے تھے۔
Flag Counter