Maktaba Wahhabi

277 - 485
فصل…6 عقائد و اعمال میں معیارِ صحت: ان تمام گزارشات کا مقصد یہ ہے کہ سلف صالحین اور ائمہ سے جو آثار نقل کیے جاتے ہیں انہیں آنکھ بند کرکے قبول نہیں کر لینا چاہیے،بلکہ ان کی تحقیق ضروری ہے۔بالکل اسی طرح جس طرح معقولات و نظریات میں کیا جاتا ہے۔ اسی طرح اذواق و مواجید و مکاشفات و مخاطبات میں بھی تحقیق و تدقیق ضروری ہے،کیونکہ ان تینوں صنفوں ، منقولات، معقولات اور مواجید میں حق بھی ہوتا ہے اور باطل بھی،لہٰذا دونوں کی تمیز و تفریق لازمی ہے اور اس کا معیار یہ ہے کہ جو چیز کتاب اللہ اور صحیح سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور طریقۂ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مطابق ہو وہ حق ہے اور جو اس کے خلاف ہو وہ باطل ہے۔قرآن میں ہے: ﴿یٰٓأَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اَطِیْعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ وَ اُولِی الْاَمْرِ مِنْکُمْ ﴾ (النساء:۵۹) ’’اے لوگو! جو ایمان لائے ہو اطاعت کرو اللہ اور اطاعت کر و رسول کی اور اپنے اولی الامر کی۔‘‘ (اس آیت سے معلوم ہوا کہ اولوا الامر کی اطاعت اسی وقت کی جائے گی جب کہ ان کی دعوت اللہ اور اس کے رسول کے فرمان کے مطابق ہو گی، ورنہ جیسا کہ حدیث میں ہے کہ مخلوق کی اطاعت میں اللہ تعالیٰ کی نافرمانی جائز نہیں ۔ع۔ح)
Flag Counter