Maktaba Wahhabi

216 - 896
اور یہی بات حضرت ابو سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سوال کا جواب ہے۔ 2۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم غیر رمضان میں بھی گیارہ رکعت سے زائد کچھ نہیں پڑھا کرتے تھے۔ اور یہ بات حضرت ابوسلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سوال سے زائد ہے۔ اوریہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا کی کمال فراست ہے کہ انھوں نے اس خیال سے کہ اگر اسے صرف رمضان کی نماز بتاؤں تو ہو سکتا ہے کہ یہ پھر غیر رمضان کی نماز کے متعلق سوال کردے۔ اس لیے بہتر یہ سمجھا کہ رمضان اور غیر رمضان کی نمازایک ساتھ ہی بتادی جائے۔ تاکہ دوبارہ دوسرے سوال کی ضرورت محسوس نہ ہو۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا کا حضرت ابو سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو غیر رمضان کی نماز بھی بتلادینا وسعت فراست ہے۔ اس سے حضرت ابو سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سوال حل ہونے میں کوئی نقص وارد نہیں ہوا۔ قارئین!آپ غور فرما چکے ہیں کہ حضرت ابو سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا سوال صلوٰۃ التراویح کے متعلق ہی تھا۔ اور حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا نے حضرت ابو سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز تراویح بھی بتلائی کہ وہ گیارہ رکعت سے زائد نہ تھی۔ اور یہ بھی بتایا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی رات کی نفلی نمازغیر رمضان میں بھی گیارہ رکعت سے زائد نہ تھی۔ اس سے یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز تراویح بمعہ وتر گیارہ رکعت سے زائد نہ تھی۔ اور گیارہ رکعت نماز تراویح وتر سمیت ہی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ کیونکہ یہ آپ کا عمل ہے۔ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل بالا تفاق سنت ہےکیونکہ ؎ پیغمبرکاعمل خود حکم شرعی کے برابر ہے اسی نکتے پہ اول روزسے اجماع امت ہے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا کی متذکرہ بالا صحیح مرفوع تصریحی حدیث سےثابت ہوتا ہے کہ گیارہ رکعت نماز تراویح بمع وتر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔
Flag Counter