عبدالسلام کی تحریر نمبر 1
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
محترم بشیر احمد صاحب مسلم سابق معلم عطا محمد اسلامیہ ہائی سکول گوجرانوالہ نے چند سال پیشتر ایک کتاب”الاسلام اور مذہبی فرقے“کے نام سے لکھی تھی۔ اس میں کتاب وسنت پر ایک ہوجانے کی دعوت، فرقہ سازی کی مذمت اور صحیح احادیث سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز ذکر کی تھی۔ وحدت کالونی گوجرانوالہ کے بھائی خالد ابراہیم صاحب نے وہ کتاب اپنے محلہ کی مدینہ مسجدکے دیوبندی خطیب مولانا قاضی حمیداللہ صاحب کی خدمت میں پیش کی۔ انہوں نے اس پر تبصرہ لکھا اور خالد ابراہیم صاحب نے ان کے کہنے کے مطابق وہ تبصرہ مجھے لاکردیا کہ میں اس کی حقیقت حال واضح کروں تاکہ دونوں طرف کے گفتگو سے حق آشکار ہوجائے۔
میرے مخاطب آئندہ گفتگو میں مولانا قاضی حمید اللہ صاحب خطیب مدینہ مسجد ہیں کیونکہ تبصرہ انھوں نےلکھ کر جواب مانگاہے میری نیت اللہ کے فضل سے احقاقِ حق اور ابطال باطل ہے۔
(إِنْ أُرِيدُ إِلا الإِصْلاحَ مَا اسْتَطَعْتُ وَمَا تَوْفِيقِي إِلا بِاللّٰهِ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَإِلَيْهِ أُنِيبُ)
راقم :عبدالسلام بھٹوی
خطیب مسجد طیبہ اہلحدیث وحدت کالونی
مدرس جامعہ محمدیہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ
17؍ذوالحجہ1404ھ
|