Maktaba Wahhabi

333 - 924
عبدالرحمن اسلامک لائبریری میں : اب ہمارا اگلا پروگرام مولانا یاسین شادؔ صاحب کی لائبریری دیکھنے کا تھا۔ مولانا محمد شریف چنگوانی کے صاحبزادے عبدالرحمن چنگوانی(متعلم جامعہ سلفیہ فیصل آباد)گاڑی لے کر آگئے۔ راستے میں مولانا شاد صاحب، مولانا بھٹی صاحب رحمہ اللہ کو تاریخی مقامات دکھاتے جا رہے تھے۔ تھوڑی دیر بعد گاڑی ہیڈ نو بہار نہر کراس کرکے گلشن فیض کالونی میں داخل ہوئی اور یہی ہماری منزل مقصود تھی۔ مولانا یٰسین شاد صاحب نے گلشن فیض کالونی میں گلستانِ کتاب و سنت آباد کر رکھا ہے۔ موصوف صاحبِ مطالعہ، مخلص، خوش طبع، بذلہ سنج اور صاحبِ قلم بزرگ ہیں ۔ ان کے مضامین پاکستان کے دینی رسائل و جرائد میں شائع ہوتے رہتے ہیں ۔ محترم شاد صاحب نے بڑی ہمت اور عزمِ صمیم سے کتابوں کا ذخیرہ اکٹھا کر رکھا ہے۔ آپ کے کتب خانے میں تقریباً چار یا پانچ ہزار اردو عربی کتب ہوں گی۔ موصوف نے اپنے والد محترم عبدالرحمن صاحب رحمہ اللہ کے نام سے ’’عبدالرحمن اسلامک لائبریری‘‘ قائم کی ہے۔ مورخِ اہلِ حدیث مولانا بھٹی رحمہ اللہ ، مولانا شادؔ صاحب کی لائبریری دیکھ کر بے حد خوش ہوئے۔ یہاں سے ہم جنرل بس اسٹینڈ کی طرف بڑھے، جو گلشن فیض کالونی کے قریب ہی ہے۔ دن کے دس بجنے والے تھے۔ فیصل موور کے اڈے پر پہنچ کر لاہور کے لیے دو ٹکٹیں خریدیں ، دس بجے بس کی روانگی تھی۔ تھوڑی دیر ہم مورخِ عصر کے ساتھ رہے۔ بس کی روانگی کا ٹائم ہو چکا تھا، راقم نے مورخِ اہلِ حدیث کا شکریہ ادا کیا اور دعاؤں کے ساتھ انھیں رخصت کیا۔
Flag Counter