Maktaba Wahhabi

781 - 924
مضامین اور مقالات ہفت روزہ ’’اہلِ حدیث‘‘، ’’الاعتصام‘‘ اور بعض دیگر جرائد کی خصوصی اشاعتوں کا حصہ بن چکے ہیں ۔ ایک طویل مدت ڈاکٹر صاحب گورنمنٹ کالج سمندری میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کی حیثیت سے اسلامیات کی تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں ۔ دسمبر ۲۰۱۵ء میں ریٹائر ہو کر دیگر علمی اور تبلیغی خدمات میں مصروف عمل ہیں ۔ سمندری ان کے گاؤں چک نمبر ۴۶۳۔ گ، ب سے تین میل کے فاصلے پر ہے۔ اپنے گاؤں میں فی سبیل اللہ خطبہ جمعہ کے علاوہ صبح کو درسِ قرآن بھی ارشاد فرماتے ہیں ۔ آپ پروفیسر حافظ عبداللہ بہاول پوری رحمہ اللہ کے خاص تلمیذ ہیں ۔ اس لیے آپ کی حیاتِ تگ و تاز پر حضرت حافظ صاحب رحمہ اللہ کے علم و عمل کے نقوش مرتسم نظر آتے ہیں ۔ آپ کا سب سے اہم کارنامہ ’’خطبات بہاول پوری رحمہ اللہ ‘‘اور’’رسائل بہاول پوری رحمہ اللہ ‘‘کی ترتیب و اشاعت ہے۔ ڈاکٹر صاحب آج کل حضرت میاں نذیر حسین دہلوی رحمہ اللہ کے ایک گم شدہ تلمیذ حضرت مولانا محمد بکنوی رحمہ اللہ کے حالات و خدمات کے متعلق لکھ رہے ہیں ، موصوف گرامی خاک سار پر نہایت شفقت فرماتے ہیں ، ایک لحاظ سے وہ میرے مربی و محسن ہیں ۔ درازیِ عمر اور علمی اشغال میں اضافہ کے لیے ہماری دعائیں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ آمین 19۔پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی تاریخ اہلِ حدیث برصغیر پاک و ہند میں لکھوی خاندان کی علمی، تبلیغی، اصلاحی اور روحانی خدمات سے کسی کو انکار ممکن ہی نہیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی حفظہ اللہ اسی عظیم خاندان کے فردِ فرید ہیں ۔ آپ حضرت مولانا محی الدین لکھوی رحمہ اللہ(المتوفی: ۲۸؍ فروری ۱۹۹۸ء)کے فرزندِ ارجمند اور اُن کے برادرِ گرامی مولانا معین الدین لکھوی رحمہ اللہ(المتوفی: ۹؍ دسمبر ۲۰۱۱ء)کے داماد ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب کا شمار قومی و بین الاقوامی اسکالرز و دانشوروں میں ہوتا ہے۔ پیغام ٹی وی(پاکستان)اور پیس ٹی وی(انڈیا)پر آپ کے دروس اور دینی و علمی پروگرام نشر ہو رہے ہیں ۔ موصوف پنجاب یونیورسٹی سے ایم۔ اے اسلامیات(گولڈ میڈلسٹ)ہیں ۔ اسی یونیورسٹی سے ایم۔ اے عربی کیا اور یہیں سے ایل ایل بی اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ان کے مقالے کا عنوان تھا: ’’حریتِ فرد کا اسلامی تصور‘‘ پوسٹ ڈاکٹریٹ سنٹر فار سٹڈی آف اسلام یونیورسٹی آف گلاسکو۔ سکاٹ لینڈ(برطانیہ)۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنے خاندان کے اکابر کی قائم کردہ ۳۰۰ سالہ قدیم دینی درس گاہ جامعہ محمدیہ اوکاڑہ سے علومِ اسلامیہ کا مروجہ نصاب پڑھا۔ حضرت شیخ الحدیث مولانا عبدالحلیم مرحوم سے سندِ حدیث حاصل کی۔ موصوف ڈاکٹر صاحب لاہور میں سکونت پذیر ہیں ۔ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ علومِ اسلامیہ میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ آپ منفرد لہجے کے بہترین خطیب ہیں ۔ جامع مسجد مبارک اہلِ حدیث لاہور میں خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے ہیں ۔ ہر جمعہ کو سیکڑوں لوگ ان کی علمی گفتگو سے مستفید ہوتے ہیں ۔ آپ ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ لاہور
Flag Counter