Maktaba Wahhabi

490 - 924
سے اس کی تین جلدیں چھپ کر خوانندگانِ محترم کی خدمت میں پیش کی جاچکی ہیں ۔ اب چوتھی جلد نذرِ قارئین ہے، جو سات مقالوں پر مشتمل اہم مضامین کا دل نواز اور روح پرور مجموعہ ہے۔ پہلے مقالے میں قارئین سورت مریم کی تفسیر کا مطالعہ کریں گے۔ دوسرے مقالے میں نماز کی مسنون دعاؤں سے آگاہ ہوں گے۔ تیسرے مقالے میں انھیں پتا چلے گا کہ تیسرے خلیفہ راشد حضرت عثمان ذوالنورینt پر اقربا پروری کا ایک حلقے کی طرف سے جو الزام لگایا جاتا ہے، اس کا کیا پسِ منظر ہے اور اس میں سچائی کی کوئی مقدار پائی جاتی ہے یا نہیں ۔ اسی طرح قارئین ملاحظہ فرمائیں گے کہ اس سے اگلے چار مقالے بھی علم و تحقیق میں خاص ندرت کا پہلو لیے ہوئے ہیں ۔ یہ تمام مقالات دراصل سندھی زبان میں تھے، جنھیں اردو کے قالب میں ڈھالا گیا۔ پروفیسر مولابخش محمدی نے ان مقالاتِ سبعہ پر تقدیم لکھی اور مولانا افتخار احمد ازہری نے ان کی ترتیب و تدوین کا فریضہ انجام دیااور وہ اس علمی ذخیرے کو شائقینِ علم کے مطالعہ میں لانے کا باعث بنے۔ مولانا ازہری ماشاء اللہ باہمت اہلِ علم ہیں کہ وہ صوبہ سندھ کے شہر میر پور خاص میں جامعہ بحر العلوم السلفیہ کے نام سے دار العلوم بھی چلا رہے ہیں ۔ ’’بحر العلوم‘‘ کے نام ہی سے ایک مجلہ بھی شائع کرتے ہیں ، جس کے اب تک کئی ضخیم خاص نمبر معرضِ اشاعت میں آچکے ہیں ۔ ان نمبروں میں حضرت سید محب اللہ شاہ اور محترم المقام سید بدیع الدین شاہ راشدی رحمہما اللہ کے حالات و واقعات پر محیط نمبر بالخصوص قابلِ ذکر ہیں ۔ علاوہ ازیں وہ خانوادۂ راشدیہ کے بزرگوں کی تحریروں کے ترجمہ و اشاعت کا فریضہ بھی سرانجام دے رہے ہیں ۔ اس عظیم علمی خدمت پر اللہ ہی انھیں جزائے خیر دینے والا ہے۔‘‘ 10۔ مسلمان بچے مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ اپنے مخلص بزرگ دوست مولانا شیخ عمر فاروق حفظہ اللہ کی کتاب ’’مسلمان بچے‘‘ پر اپنا تبصرہ ان الفاظ میں رقم کرتے ہیں : ’’ہمارے دوست شیخ عمر فاروق کو اللہ تعالیٰ صحت و عافیت سے رکھے، ان کا زیادہ تروقت تحریر ی اور تصنیفی صورت میں تبلیغِ دین میں صرف ہوتاہے۔ قرآنِ حکیم اور حدیث شریف کے احکام کی نشر واشاعت ان کا بنیادی مشغلہ ہے۔ اس موضوع پر ان کی کئی ضخیم کتابیں شائع ہوچکی ہیں ۔ جو باطنی حسن کے علاوہ ظاہری حسن کا بھی دل آویز مرقع ہیں ۔ یہ سب کتابیں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین و ارشادات سے دلچسپی رکھنے والوں میں مفت تقسیم کی گئی ہیں ۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ شیخ عمر فاروق کو اس کا بہتر بدلہ دے، آمین۔ ان کتابوں پر اخبار ’’الاعتصام‘‘ اور اپنی تصنیف ’’برصغیر کے اہلِ حدیث خدامِ قرآن‘‘ میں یہ فقیر اظہار رائے بھی کرچکا ہے اور بعض اخبارات میں متعدد اصحابِ علم کے تبصرے بھی شائع ہوچکے ہیں ۔ شائقین نے ان کتابوں کا مطالعہ کیا اوروہ ان کے مندرجات سے مستفید ہوئے۔
Flag Counter