Maktaba Wahhabi

259 - 924
مورخ اہلِ حدیث۔۔۔ چند یادیں چند باتیں تحریر: حافظ ریاض احمد عاقب اثری۔ ملتان(حال مقیم مکہ مکرمہ) پیامِ اجل جب آجائے تو پھر بڑے سے بڑا انسان بھی اس سے بھاگ نہیں سکتا۔ یہ رب ذوالجلال والاکرام کا بنایا ہوا نظام ہے۔ اسے کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ موت ایک حقیقت ہے، اس سے کسی کو بھی مفر نہیں ، لیکن ایک عام انسان کی موت اور ایک عالم کی موت میں بڑا فرق ہے۔ یہ جملہ بڑا مشہور ہے: ’’موت العالِم موت العالَم‘‘ ایک عالم کی موت، دنیا جہاں کی موت ہے۔ عالم کی موت کا صدمہ بڑا گہرا صدمہ ہے۔ مورخ اہلِ حدیث مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی وفات کی خبر پڑھ کر بڑا دُکھ ہوا۔ ابھی ایک ماہ قبل مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد بھٹی صاحب رحمہ اللہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی تھی، وہ بڑے خوش ہوئے تھے اور میری کامیابی کی دعا کرتے رہے۔ مولانا اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کے برادرِ اصغر سعید احمد بھٹی صاحب عمرہ کرنے مکہ مکرمہ تشریف لائے ہوئے ہیں ۔ ایک ہفتہ قبل ان سے حرمِ مکی کے صحن میں ملاقات ہوئی۔ انھوں نے راقم کو مولانا اسحاق بھٹی رحمہ اللہ پر ایک تاثراتی مضمون لکھنے کا حکم دیا۔ کافی مصروفیت کی بنا پر راقم مضمون کے لیے وقت نہ نکال سکا۔ آج ان سے رابطہ ہوا تو وہ پوچھنے لگے: مضمون مکمل ہوگیا ہے؟ راقم نے عرض کیا کہ کل آپ کو مضمون مل جائے گا۔ إن شاء اللّٰہ العزیز۔ نمازِ ظہر سے پہلے قلم و قرطاس لے کر خلوت نشینی اختیار کی اور مولانا بھٹی صاحب کے بارے لکھنے لگا تو سوچوں میں گم ہو گیا کہ اس عظیم انسان کے بارے کیا لکھا جائے؟ وہ تو ایسے عظیم مرتبت عالم و محقق تھے کہ ان کی زندگی ہی میں کئی ریسرچ سکالرز نے اپنے مقالات ان کی شخصیت و خدمات پر تحریر کیے۔ ہمارے صاحبِ قلم دوست مولانا رمضان سلفی نے بھٹی صاحب کے متعلق لکھے گئے مضامین ایک کتاب میں جمع کر دیے، جسے ہمارے بھائی مولانا عبدالحنان جانباز نے شاندار انداز میں طبع کرایا۔ خود بھٹی صاحب نے اپنی خود نوشت ’’گزر گئی گزران‘‘ کے نام سے تحریر کی، جو ۴۶۶ صفحات میں کتاب سرائے لاہور سے شائع ہوئی۔ ان کی وفات کے بعد ان کے کئی ہم عصروں نے کافی کچھ لکھا۔ نامور صحافی مولانا محمد ابرار ظہیر اور صاحبِ قلم دوست حمید اللہ خان عزیز مولانا گرامی کی خدمات و مساعی پر اپنے اخبار اور مجلہ کی اشاعت خاص نکال رہے ہیں ، بلکہ موخر الذکر برادرِ عزیز نے تو مرحوم کی فن و شخصیت پر ایک مستقل جامع کتاب بھی لکھ لی ہے اور مرحوم کے مکاتیب،
Flag Counter