Maktaba Wahhabi

765 - 924
ممنون ہیں کہ انھوں نے ہماری کاوش کو پذیرائی بخشی اور اسے منصہ شہود پر لانے میں اپنا خصوصی تعاون پیش کیا۔ خلوصِ دل سے دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ان کی خدماتِ جلیلہ کو شرفِ باریابی عطا فرمائے۔ انھیں سلامتیِ ایمان کے ساتھ طویل عمر نصیب فرمائے، تاکہ وہ تادیر خدمتِ کتاب و سنت میں مصروف رہیں اور ایک دنیا ان کے علم و عمل سے مستفیض و مستفید ہوتی رہے۔ آمین، یا رب العالمین۔ 2۔مولانا بشیر انصاری(ایم۔ اے) مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان، عالمِ اسلام میں سلفیانِ پاکستان کی نمایندہ تنظیم ہے۔ اس تنظیم کی آبیاری میں مولانا محمد داود غزنوی، شیخ الحدیث مولانا محمداسماعیل سلفی، شیخ الحدیث مولانا عبداللہ(گوجرانوالہ)، میاں فضل حق اور مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہم اللہ نے تاریخی اور تابناک کردار ادا کیا ہے۔ علمائے جماعت کی اس صف میں ایک مشہور نام مکرم مولانا بشیر انصاری ایم۔ اے(چیف ایڈیٹر: ہفت روزہ ’’اہلِ حدیث‘‘ لاہور)کا بھی آتا ہے، جو اپنے تبحرِ علمی، ذوقِ مطالعہ اور وسعتِ معلومات اور ادب و صحافت میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ آپ نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اسلامیات اور ایم اے اردو کیا۔ پروفیسر اسرار احمد سہاروی، ڈاکٹر سید محمد عبداللہ، ڈاکٹر وحید قریشی، عابد حسن منٹو اور اعجاز حسین بٹالوی وغیرہ آپ کے کالج اور یونیورسٹی کے اساتذہ ہیں ۔ شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز رحمہ اللہ ، حافظ فتح محمد فتحی رحمہ اللہ اور قاری محمد یحییٰ بھوجیانی رحمہ اللہ سے علومِ اسلامیہ کی تعلیم حاصل کی۔ اوائل طالب علمی ہی میں آپ ادب و صحافت کی طرف راغب ہوگئے۔ جس کی مختصر تاریخ یہ ہے کہ ۱۹۶۲ء میں لاہور کے لاء کالج میں تعلیم کے حصول کے دوران میں کالج میگزین ’’المیزان‘‘ کی ادارت کرتے رہے۔ ہفت روزہ ’’الیوم‘‘ لاہور، ہفت روزہ ’’الاسلام‘‘ لاہور، ’’ترجمان الحدیث‘‘ لاہور و دیگر جرائد کے بھی منصبِ ادارت پر فائز رہے۔ آپ گذشتہ کئی برسوں سے مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کے ترجمان ہفت روزہ ’’اہلِ حدیث‘‘ لاہور کے چیف ایڈیٹر ہیں ۔ آپ کے دورِ ادارت میں اخبار نے بہت عروج پکڑا۔ انصاری صاحب اپنے اداریوں میں قومی و بین الاقوامی اور ملی مسائل کی بڑی حذاقت و مہارت کے ساتھ عقدہ کشائی کرتے ہیں ، جس کا اندازہ صرف اہلِ دل ہی کر سکتے ہیں ۔ آپ کے اداریے اور دیگر مضامین عبرت و موعظت کا درس ہوتے ہیں ۔ موصوف اپنی شہرۂ آفاق صحافیانہ خدمات اور مخلصانہ دینی مساعی کی بنا پر پاکستان میں مقبولِ عام صحافی ہیں ۔ قائدینِ جماعت آپ کے علم و فضل اور ذہانت و بصیرت کے انتہائی قدر شناس ہیں ۔ آپ شہید ملتِ اسلامیہ علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید رحمہ اللہ کے با اعتماد ادر با وفا ساتھی رہے۔ علامہ صاحب رحمہ اللہ کے ہمراہ ان کے متعدد تنظیمی اور تبلیغی دوروں میں شریک رہے۔ آپ کی چند اہم کتب ’’تحریکِ اہلِ حدیث، افکار و خدمات‘‘، ’’نجات کا راستہ‘‘ اور ’’مشاہیر کے خطوط‘‘ منظرِ عام پر آچکی ہیں ۔ آپ کے مشاہیر علما اور بلند و بالا علمی شخصیتوں سے ذاتی تعلقات ہیں ،
Flag Counter