Maktaba Wahhabi

385 - 924
مورخ اہلِ حدیث مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ اور ان کی تصانیف تحریر: جناب مولانا محمد رمضان یوسف سلفی۔ فیصل آباد مولانا محمد اسحاق بھٹی، برصغیر پاک و ہند کے مشاہیر اہلِ قلم سے ہیں ۔ انھوں نے تصنیف و تالیف، تاریخ، صحافت اور شخصی خاکہ نگاری میں نام پیدا کیا اور شہرتِ دوام حاصل کی ہے۔ وہ بلا شرکتِ غیرے عصرِ حاضر کے عظیم مورخ، بلند پایہ مصنف اور خاکہ نویس ہیں ۔ ۷۰ سال تک اپنے قلم سے دینِ اسلام اور اردو زبان و ادب کی خدمت کرتے رہے۔ مختلف موضوعات پر ان کی کئی دینی، علمی، تاریخی اور سیر و سوانح پر کتب زیورِ طباعت سے آراستہ ہو کر منصہ شہود پر آ کر لوگوں سے داد و تحسین حاصل کر چکی ہیں ۔ شخصیت نگاری بھٹی صاحب رحمہ اللہ کا من پسند موضوع تھا۔ اس پر ان کے گوہر بار قلم نے خوب جوہر دکھائے ہیں ۔ بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی تصنیفی خدمات کا دائرہ دور تک پھیلا نظر آتا ہے، جس خوب صورت اور دل کش پیرائے میں انھوں نے مقتدر شخصیات کے ’’شخصی خاکے‘‘ تحریر کیے ہیں ، اس کو دیکھتے ہوئے ہم انھیں اس فن کا امام کہہ سکتے ہیں ۔ ان کی تحریروں میں حد درجے کی شگفتگی اور سلاست پائی جاتی ہے، ان کا اسلوبِ نگارش دل نشیں ہے۔ ان کے لکھے ہوئے سوانحی خاکے پڑھ کر ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے وہ شخصیات میدانِ زندگی میں متحرک اور سرگرم عمل ہیں اور ہم ان سے ہم کلام ہیں ۔ عظیم ادیب و مصنف محترم مشفق خواجہ(متوفی: ۲۰؍ فروری ۲۰۰۵ء)کے الفاظ میں ’’شخصیات پر لکھنے والا آپ سے بہتر اس وقت کوئی نہیں ہے۔ آپ لکھتے نہیں ، کارِ مسیحائی فرماتے ہیں ۔ جسے مُردوں کو چلتے پھرتے دیکھنا ہو وہ آپ کے مضامین پڑھ لے۔ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ نے کیسی کیسی منتخب روزگار شخصیات کو دیکھا۔ وہ لوگ بھی کچھ کم خوش نصیب نہیں جو آپ کے توسط سے یعنی آپ کے مضامین پڑھ کر ان شخصیات کو قریب سے دیکھتے ہیں ، میں بھی ایسے خوش نصیبوں میں شامل ہوں ۔‘‘ بلاشبہہ اﷲ رب العزت نے بھٹی صاحب رحمہ اللہ کو علم و فضل اور عمل و کردار کی بہت سی خوبیوں سے مالامال کیا ہے۔ ان کا علم پختہ اور حافظہ قوی ہے۔ جو بات پڑھ لی یا کسی سے سن لی، وہ ان کے حافظے کی گرفت میں مضبوطی سے آ گئی۔ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں لوگوں اور جماعتی تاریخ کے بے شمار واقعات ان کی لوحِ ذہن پر نقش تھے۔ جب وہ ان واقعات کو اپنی تحریروں میں مناسب مواقع پر درج کرتے ہیں تو قاری ان کو پڑھ کر بے اختیار داد دینے لگتا ہے۔ مولانا اسحاق بھٹی صاحب رحمہ اللہ بہت سی خوبیوں کے مالک ہیں ۔ اخلاق و عادات، محبت و خلوص، انسان دوستی،
Flag Counter