Maktaba Wahhabi

86 - 924
چھوڑ کر جانے والے! تحریر: جناب مجیب الرحمن شامیؔ(چیف ایڈیٹر: روزنامہ’’پاکستان‘‘ لاہور) اپنے بزرگ دوست(مولانا )اسحاق بھٹی صاحب رحمہ اللہ پر قلم اٹھانے کا ارادہ کر رہا تھا کہ ’’عزیزم‘‘ ڈاکٹر احسن اختر ناز کے انتقال کی خبر نے(مزید)اُداس کر دیا۔ بھٹی صاحب رحمہ اللہ اس دنیا سے رخصت ہوئے تو میں کراچی میں تھا۔ جنازے کو کندھا دینے کی سعادت حاصل نہ ہو سکی۔ انھوں نے ماشاء اللہ ۹۱ سال اس دُنیائے رنگ و بو میں گزارے اور اس کی خوشبوؤں میں بہت سا اضافہ کر کے رخصت ہوئے۔ ان سے آخری ملاقات ’’پیغام ٹی وی‘‘ کے ایک پروگرام کے موقع پر ہوئی تھی، جو تحریکِ پاکستان کے حوالے سے تھا۔ ثقلِ سماعت کا شکار تھے، لیکن میزبان ڈاکٹر حماد لکھوی کچھ نہ کچھ ان کے کانوں میں انڈیل دیتے تھے۔ مذاکرہ ختم ہوا تو عزیزم عبدالباسط نے اپنے رفقا کے ساتھ ہم تینوں کو کھڑا کر کے جامد تصویر بھی بنا ڈالی۔ بھٹی صاحب رحمہ اللہ کا حافظہ ابھی تک بلا کا تھا۔ برسوں پرانے واقعات کی ایک ایک تفصیل ذہن میں محفوظ تھی۔ زبان کھولتے تو یوں معلوم ہوتا کہ ماضی اُن کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑا ہے اور وہ اس کی عکاسی کرتے جا رہے ہیں ۔ پنجاب کے قلب میں واقع ریاست فرید کوٹ میں پیدا ہوئے اور وہیں لڑکپن گزارا۔ جیّد علما کی صحبت ان کو میسر رہی اور اس سے انھوں نے خوب فیض اٹھایا۔ چند برس سکول میں بھی گزارے، لیکن فیض اپنے ان استادوں سے براہِ راست حاصل کیا جن میں سے ہر ایک یونیورسٹی کی حیثیت رکھتا تھا۔مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ کا نام نامی ان میں نمایاں تر تھا۔ ۱۹۳۳ء سے ۱۹۴۰ء تک سات سال ان کے ساتھ رہے۔ قرآنِ مجید کے علاوہ بلوغ المرام سے صحیح بخاری تک کتبِ ستّہ کی نصابی کتابوں کی تکمیل ان سے کی۔ صرف و نحو، عربی ادبیات، منطق، اصولِ فقہ اور تفاسیرِ قرآن میں سے بیضاوی، تفسیر جلالین اور جامع البیان بھی ان سے پڑھیں ۔ گویا مکمل مولوی بن گئے۔ آج کل کی زبان میں ’’علامہ‘‘ کہہ لیا جائے تو بھی کوئی مضائقہ نہیں ۔ ۱۹۴۰ء میں مولانا عطاء اللہ حنیف رحمہ اللہ نے انھیں علامہ حافظ محمد گوندلوی اور مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہما اللہ کی خدمت میں گوجرانوالہ بھیج دیا، جن سے حدیث و تفسیر کی بعض کتب دوبارہ پڑھیں ، اسے سونے پر سہاگہ کہا جا سکتا ہے۔ فیروز پور میں مولانا ثناء اللہ ہوشیار پوری مرحوم سے بھی بعض درسی کتابیں پڑھنے پہنچے اور پھر یہ کہ عمر بھر پڑھتے(اور لکھتے)چلے گئے۔
Flag Counter