Maktaba Wahhabi

709 - 924
حکماً فرمایا کہ وہ اپنی تمام علمی مصروفیات چھوڑ کر مورخِ اسلام بھٹی صاحب رحمہ اللہ کے حالات و واقعات اور خدمات کو مرتب اور مدون کریں ۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے اس کتاب کا عنوان: ’’ارمغانِ مورخِ اہلِ حدیث مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ ‘‘تجویز فرمایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مولانا مرحوم کا ادارہ ہذا سے دیرینہ خصوصی مشفقانہ تعلق رہاہے، اس کا تقاضا یہی ہے کہ ہم سب ان کی مغفرتِ تامہ کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کریں کہ اللہ انھیں جنت الفردوس میں ہمیشہ داخل رکھے، لواحقین اور عزیز و اقارب کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین (الیاس فاروقی، رکنِ مجلسِ مشاورت ادارہ ’’تفہیم الاسلام‘‘ احمدپورشرقیہ، ضلع بہاول پور) 5۔مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پنجاب کا اظہار تعزیت: مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پنجاب کے قائدین و ارکانِ کابینہ و عاملہ نے ممتاز مذہبی اسکالر، عظیم مورخ اور نامور خاکہ نویس مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی وفات پر تعزیت اور گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔ پروفیسر عبدالستار حامد امیر پنجاب، میاں محمود عباس ناظم اعلیٰ پنجاب، سرپرست پنجاب مولانا محمد نعیم بٹ، مولانا مفتی مبشر احمد مدنی، حافظ عبدالرزاق، پروفیسر سعید کلیروی، مولانا بہادر علی سیف، محمد ابرار ظہیر، شیخ محمد اسحاق، مولانا طارق جاوید، شیخ محمد طاہر اور دیگر ارکانِ کابینہ و عاملہ نے ان کی دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ علم و فضل کا گہرا سمندر تھے۔ انھوں نے حدیث، فقہ اور تاریخ میں جس موضوع پر قلم اُٹھایا، اس کا حق ادا کردیا۔ بزمِ ارجمنداں ، ان کی شاہکار تصنیف ہے۔ تحریکِ آزادی کے سپاہی اور دو قومی نظریے کے زبردست حامی تھے۔ مرحوم عجز و انکساری کا پیکر اور بے غرضی و بے لوثی کا حقیقی مظہر تھے۔ سادہ مزاج اور نیک طینت انسان تھے۔وہ ملتِ اسلامیہ کا قیمتی سرمایہ تھے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پورا نہ ہوسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ مرحوم علامہ اقبال رحمہ اللہ کے اس فرمان: ؂ بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا کی تفسیر تھے۔ صوبائی راہنماؤں نے ان کی مغفرت، بلندیِ درجات، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور جملہ لواحقین کے لیے اللہ کے حضور صبر جمیل کی دعائیں بھی کیں ۔(ابرار احمد ظہیر، سیکریٹری اطلاعات پنجاب) 6۔مورخِ اسلام مولانا محمد اسحاق بھٹی کی دینی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا! ملتان(نامہ نگار)جماعت غربائے اہلِ حدیث ملتان کے ناظم مولانا محمد یٰسین شاد نے کہا کہ نامور مورخ اہلِ حدیث اور اسکالر مولانا محمد اسحاق بھٹی مرحوم کی دینی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت غربائے اہلِ حدیث کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ نے اپنی تصانیف کے ذریعے اسلام کی روشنی پھیلائی۔ ان کی غائبانہ نمازِ جنازہ جامع مسجد السلام گلشن فیض کالونی میں بعد از نمازِ جمعہ ادا کی جائے گی۔ اجلاس میں احمد دین سعودی، چوہدری اسلم، محمد عبداللہ و دیگر نے شرکت کی۔ (روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ لاہور۔ ۲۹؍ دسمبر ۲۰۱۵ء)
Flag Counter