Maktaba Wahhabi

488 - 924
8۔ تفسیر فضل القرآن(جلد چہارم۔ سورۃ المائدہ) مولانا فضل الرحمن بن محمد الازہری حفظہ اللہ کی ’’تفسیر فضل القرآن‘‘(جلد چہارم۔ سورت مائدہ)پر مولانا رحمہ اللہ کے قلم سے تبصرہ ملاحظہ فرمائیں ۔ ’’قرآنِ مجید وہ کتا بِ ہدیٰ اور اللہ کا وہ صحیفہ نور ہے جس کی دنیا کی مختلف زبانوں میں اب تک بے شمار تفسیریں لکھی گئی ہیں اور آیندہ لکھی جائیں گی۔ صرف برصغیر(پاک و ہند اور بنگلہ دیش)کو لیجیے کہ اس خطہ ارض میں بولی اور سمجھی جانے والی تقریباً تمام زبانوں میں قرآنِ مجید کے ترجمے بھی ہوچکے ہیں اور اہلِ علم نے اس پر حواشی بھی تحریر کیے ہیں اور مختصر یا مفصل اس کی تفسیری خدمات بھی سر انجام دی ہیں ۔ پنجابی، سرائیکی، سندھی، بروہی، بلوچی، پشتو، بنگلہ، گجراتی، ہندی، انگریزی، اردو وغیرہ تمام زبانیں ترجمہ قرآن کی حلاوت اور اس کے مطالب کی لطافت سے آشنا ہو چکی ہیں ۔ یہ بہت بڑا اعجاز اور اس کے مترجمین اور مفسرین کا بہت بڑا اعزاز اور قارئین کے لیے بہت بڑا افتخار ہے۔ اُردو زبان خاص طور سے اس کے معانی اور تفسیری مواد کی فراوانیوں سے مالا مال ہوئی ہے۔ پھر ایسا بھی ہوا ہے کہ ایک ایک مفسر نے کئی کئی زبانوں میں اس کے مطالب بوقلموں کو صفحاتِ قرطاس کی زینت بنانے کی سعی کی ہے، مثلاً: نواب صدیق حسن خان والیِ بھوپال رحمہ اللہ نے اُردو، عربی اور فارسی تین زبانوں میں اس کی تفسیریں لکھیں ، جو دس ہزار صفحات پر مشتمل ہیں ۔ اللہ نے ان کو یہ خاص اعزاز بخشا کہ اس کے کلام پاک کی اتنی بڑی خدمت میں برصغیر کا کوئی مفسر ان کا حریف نہیں ہے۔ دوسرے نمبرپر سید امیر علی ملیح آبادی کا اسم گرامی آتا ہے، جن کی اُردو تفسیر ’’مواہب الرحمان‘‘ دس ضخیم جلدوں کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ ابتدا میں یہ الگ الگ ایک پارے کی تفسیر تھی، جو تیس جلدوں پر محیط تھی، بعد میں اسے دس جلدوں میں محدود کر دیا گیا۔ اردو زبان میں قرآنِ مجید کے متعدد ترجمے کیے گئے اور بہت سی تفسیریں ضبطِ تحریر میں آئیں ۔ ان میں ایک تفسیر مولانا فضل الرحمن بن محمد الازہری کی رقم فرمودہ ہے، جو ’’تفسیر فضل القرآن‘‘ کے نام سے موسوم ہے۔ اس تفسیر کی اس وقت چوتھی جلد پیشِ نگاہ ہے، جو سورۃ المائدہ کی تفسیر ہے۔ اس سے قبل سورۃ الفاتحہ، سورۃ البقرہ، سورت آلِ عمران اور سورۃ النساء کی تفسیریں تین الگ الگ جلدوں میں چھپ چکی ہیں اور قارئین نے نہایت شوق سے ان کا مطالعہ کیا ہے۔ یہ چوتھی جلد ہے جو مئی ۲۰۰۷ء میں شائع ہوئی ہے۔ مولانا فضل الرحمن جماعت اہلِ حدیث کے مشہور اور ممتاز عالمِ دین ہیں ، جو کاروباری طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور کم و بیش چھتیس سال سے مسجد مبارک اہلِ حدیث(متصل اسلامیہ کالج ریلوے روڈ لاہور)میں فریضۂ خطابت سر انجام دے رہے ہیں ۔ قدیم اور جدید علوم سے انھیں بہرۂ وافر حاصل ہے۔ متعدد کتابوں کے مصنف ہیں اور انھیں قرآنِ مجید سے خاص لگاؤ اور وابستگی ہے، جسے اللہ کی نعمت قرار دینا چاہیے۔ اسی خاص لگاؤ اور وابستگی نے ان کو تفسیرِ قرآن لکھنے کی طرف متوجہ کیا۔ چنانچہ وہ نہایت محنت اور دلجمعی
Flag Counter