Maktaba Wahhabi

836 - 924
79۔قاری تاج محمد شاکر جماعت اہلِ حدیث کی صف میں جن علمائے کرام نے دعوت و تبلیغ اور علم و ادب کے فروغ کے لیے بے پناہ جدوجہد کی، ان میں ایک قاری تاج محمد شاکر ہیں ۔ آپ ایک جید عالمِ دین، اعلیٰ پایہ کے خطیب، ادیبانہ صلاحیتوں سے مالا مال خوبصورت شاعر اور بہترین نثر نگار ہیں ۔ ۱۵؍ مئی ۱۹۶۶ء کو سندھو کلاں تحصیل پتوکی ضلع قصور میں پیدا ہوئے۔ سندھو کلاں ’’ہیڈ بلوکی‘‘ کے قریب بنگلہ بلوچاں سے تین کلو میٹر آگے ایک مشہور مقام ہے۔ قاری صاحب کے والد گرامی رحمت علی مرحوم مزدور قسم کے آدمی تھے۔ خاندان دیوبندی اور بریلوی افکار رکھتا تھا۔ انھوں نے ابتدائی دینی تعلیم و حفظ قرآن اپنے گاؤں سے ایک کلو میٹر دور ’’سرائے مغل‘‘ میں دیوبندی مدرسہ ’’جامعہ حمیدیہ‘‘ سے کیا۔ حفظِ قرآن کے دوران میں ہی اللہ نے انھیں ایسی بصیرت عطا فرمائی کہ تحقیق کے راستے پر چل پڑے۔ موصوف اپنے اردگرد کے شرکیہ ماحول سے بے زار ہو کر کتاب و سنت کے دلائل پر مطمئن ہو گئے اور مسلکِ اہلِ حدیث اختیار کر لیا۔ ۱۹۸۲ء ۔ ۱۹۸۳ء میں جامعہ سلفیہ فیصل آباد کا رخ کیا۔ وہاں درسِ نظامی اور فاضل عربی کے مکمل کورس کیے۔ اس دوران میں میٹرک بھی کر لی۔ دینی علوم و فنون سیکھنے کے لیے انھوں نے بہت تگ و دو کی۔ مشکل حالات کا سامنا بھی کیا، لیکن اللہ تعالیٰ کی نصرت سے وہ عزم و ہمت سے کام لیتے رہے اور تمام مشکل مقامات کو عبور کر گئے۔ آپ کے نامور اساتذہ کرام میں درج ذیل اصحابِ علم کے نام آتے ہیں ۔ مولانا حافظ احمد اللہ بڈھیمالوی، مولانا عبدہ الفلاح، مولانا علی محمد، مولانا محمد( رحمہم اللہ )، شیخ الحدیث مولانا عبدالعزیز علوی، مولانا محمد یونس بٹ، مولانا مفتی عبدالحنان زاہد، مولانا محمد یٰسین ظفر حفظہم اللہ ۔ علمی فنون کے متعلق کراچی میں تین نمایاں کورسز کیے اور سندات وصول کیں ۔ 1۔ اللغۃ العربیۃ و الثقافۃ الإسلامیۃ۔ معروف درس گاہ جامعہ ابی بکر الاسلامیہ میں مدینہ یونیورسٹی اور مکہ یونیورسٹی کے فاضل اساتذہ کرام کی زیرِ تربیت ۱۹۸۳ء میں عربی لغت اور اسلامی ثقافت کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں شمولیت اختیار کی۔2۔الصرف و النحو۔ ۱۹۸۵ء کے پس و پیش کراچی میں یہ کورس کیا، اس میں ان کے استاد فضیلۃ الشیخ مولانا عبداللہ ناصر رحمانی حفظہ اللہ تھے۔ 3۔3تفسیر القرآن و الحدیث النبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم ۔جامعہ اہلِ حدیث کورٹ روڈ کراچی میں حافظ عبداللہ بڈھیمالوی رحمہ اللہ اور فضیلۃ الشیخ مولانا حافظ عبداللہ امجد چھتوی حفظہ اللہ سے تفسیر اور حدیث کے موضوع پر خصوصی استفادہ کیا۔ قاری صاحب اردو اور پنجابی کے شاعر ہیں اور یہی ان کا اصل تعارف ہے۔ آپ کی شاعری میں اہلِ حدیث کے اکابر، اسلاف کی دینی خدمات اور ملک و ملت کے حالاتِ حاضرہ کی جھلکیاں ملتی ہیں ۔ موصوف خوش الحان شاعر ہیں ۔ اکثر اہلِ حدیث جلسوں اور کانفرنسوں میں پنجابی زبان میں کلام سناتے ہیں ، جبکہ تحریر میں اردو کو ذریعہ اظہار بنایا ہوا ہے۔ پنجابی میں انھوں نے معروف شاعر سعید الفت رحمہ اللہ(فیصل آباد)اور مولانا نذیر احمد سجانی حفظہ اللہ(لاہور)سے
Flag Counter