Maktaba Wahhabi

818 - 924
’’تفہیم الاسلام‘‘، ’’ضیائے حدیث‘‘ ، ’’اسوۂ حسنہ‘‘، ’’الاخوۃ‘‘ اور ’’خاتم النبین‘‘ میں شائع ہوتی رہتی ہیں ، جو علمی، ادبی اور فکری تشنگی کو آب باراں کی طرح سیرابی عطا کرتی ہیں ۔ قاری صاحب کو تاریخ و سوانح علمائے حدیث سے بہت دلچسپی ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے اپنے آبائی ضلع نارووال کی تاریخ اہلِ حدیث کو مرتب کیاہے جو ابھی غیرمطبوع ہے، معلوم ہوا ہے کہ قاری صاحب نے نارووال کی تینوں تحصیلوں ، شکر گڑھ، ظفر وال اور نارووال کے تذکار علمائے اہلِ حدیث کو تین مبسوط جلدوں میں الگ الگ مرتب کیا ہے۔ اس کے علاوہ ’’ردِ قادیانیت میں علمائے اہلِ حدیث سیالکوٹ کا کردار‘‘ اور ’’ردِ قادیانیت میں شعرائے اہلِ حدیث سیالکوٹ‘‘ کے موضوع پر تفصیلی مقالہ جات تالیف کر رہے ہیں ۔ واقعی یہ بہت بڑی خدمت ہے، جو وہ نامساعد حالات میں بھی انجام دے رہے ہیں ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی قلمی کاوشوں میں اضافہ فرمائے اور ان کی محنت کو قبول و منظور کرے۔ آمین 61۔مولاناشفیق الرحمان فرخ جو لوگ جماعت اہلِ حدیث پنجاب(پاکستان)کی تعلیمی و تدریسی جامعات کی تاریخ سے آگاہ ہیں ، انھیں ضرور جامعہ ابن تیمیہ رحمہ اللہ لاہور کا تعارف ہوگا۔ اس کے مدیر مولانا حفیظ الرحمن لکھوی حفظہ اللہ ہیں ۔ جامعہ سے سہ ماہی میگزین ’’نداء الجامعہ‘‘ کے نام سے شائع ہوتا ہے۔ اس کے ایڈیٹر ہمارے فاضل علمی دوست مولانا شفیق الرحمان فرخ حفظہ اللہ ہیں ۔ موصوف محترم معروف مصنف مکرم ملک بشیر احمد حفظہ اللہ آف چھانگا مانگا کے کے گھر پیدا ہوئے۔ علومِ اسلامیہ کے حصول میں والد گرامی نے بہت محنت کی۔ شروع ہی سے ان کا میلان کتب کی ترتیب و تالیف اور رسائل کے مطالعے سے تھا۔ اسی شوق نے آگے چل کر انھیں ایک بہترین مولف اور ایڈیٹر کے منصب پر فائز کر دیا۔ ’’نداء الجامعہ‘‘ ہر تین ماہ بعد شائع ہوتا ہے۔ اس میں علمی، ادبی، دینی اور اسلامی مضامین ہوتے ہیں ۔ اداریہ فرخ صاحب خود تحریر کرتے ہیں ، جو حالاتِ حاضرہ کی بھرپور عکاسی کرتاہے۔ وہ سچ لکھتے ہیں اور توازن کو ہمیشہ معیار جانتے ہیں ۔ اپنے کالموں میں وہ قومی حالات، پاکستانی سیاست اور اقتدار کے نشیب و فراز کو بھی قریب سے دیکھتے ہیں ۔ انھیں علمائے کرام کے متعلق لکھنے کا خوب فن حاصل ہے۔ معاشرے کو صحت مند رکھنے کے لیے موصوف فرخ صاحب جیسے لکھاریوں کی بہت ضرورت ہے۔ انھوں نے بعض اصلاحی کتب بھی تحریر کیں ہیں ۔ جن میں ’’دعا، دوا اور دَم سے نبوی طریقہ‘‘ علاج بہت اہم ہے۔ آپ نے اپنے والد صاحب ملک بشیر احمد کی کتابیں ’’مسنون انداز سے ۲۴ گھنٹے گزاریں ‘، ’’علامہ محمدیوسف خاں کلکتوی رحمہ اللہ ‘‘اور دیگر کتب کو ترتیب دے کر اپنے ادارے ’’ہدیٰ اکیڈمی‘‘ لاہور سے شائع کیں ۔ اس اکیڈمی کے بانی وہ خود ہیں ۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی صحافتی خدمات کو قبول فرمائے اور ان کے تخلیق کردہ دینی ادب کو معاشرے کے تمام طبقات کے لیے مقبول بنا دے۔ آمین۔
Flag Counter