Maktaba Wahhabi

720 - 924
4۔مولانا محمد نعیم بٹ(سینئر نائب ناظمِ اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان): نوجوان نسل کے عظیم راہنما مورخِ اہلِ حدیث مولانا محمداسحاق بھٹی رحمہ اللہ امتِ مسلمہ کے محسن تھے۔ انھوں نے تحریر و صحافت کے ذریعے قرآن و حدیث کی دعوت کو پھیلایا اور بیش بہا خدمات سر انجام دیں ۔ تصنیفی میدان میں انھوں نے اپنے خوشہ چینوں کی ایک بہت بڑی کھیپ تیار کر دی، جو اُن کی وفات کے بعد علمِ حدیث کے احیا اور دفاع کا کام کرتے رہیں گے۔ إن شاء اﷲ۔ آپ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کے بنیادی اراکین میں شمار ہوتے تھے۔ انھیں مولانا محمد داود غزنوی رحمہ اللہ نے جمعیت اہلِ حدیث کا پہلا ناظم دفتر مقرر کیا تھا۔ اس اعتبار سے آپ دیرینہ معمر ترین بزرگ شخصیت تھے۔ تاریخ کے بادشاہ تھے۔ ہزاروں کتابوں کے نام، سیکڑوں حوالے، بے شمار علمی و سیاسی شخصیات کے مکمل کوائف انھیں زبانی یاد تھے۔ آپ کی تحریر اندازوں اور تخمینوں کے بجائے مضبوط شواہد اور دلائل پر مشتمل ہوتی تھی۔ سادگی، تواضع اور انکساری ان کے مزاج کا حصہ تھی۔ مرحوم کے فکری رشحاتِ قلم اور علمی نوادرات، ٹھوس تصنیفی اور تالیفی سرگرمیاں ، معتدل اور شگفتہ خطابات، تنظیمی دوڑ دھوپ اور اصلاحی افکار نوجوان نسل کے لیے عظیم راہنما کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ ان کا رواں قلم ناصحانہ اسلوب کا حامل رہا۔ انھوں نے تقریباً تمام مسالک و مشارب کے اصحابِ علم کے متعلق اپنے قلم کو حرکت دی، لیکن اصحاب الحدیث کی برتری ہمیشہ قائم رکھی۔ برصغیر کے اہلِ حدیث خدامِ قرآن، استقبالیہ و صدارتی خطبات، برصغیر میں اہلِ حدیث کی آمد تو تاریخی حوالے سے نہایت ہی اہم ترین کتابیں ہیں ۔ اللہ تعالیٰ مولانا کی دینی جہود کو قبول فرما کر اُن کی مغفرت فرمائے اور انھیں مقامِ علیین نصیب کرے۔ آمین 5۔پروفیسر حافظ عبدالستار حامد(امیرمرکزی جمعیت اہلِ حدیث پنجاب): دعوتِ اہلِ حدیث کے فداکار جماعت اہلِ حدیث میں مولانا مرحوم کی حیثیت ایک مدبر کی رہی ہے۔ آپ رحمہ اللہ دعوت اہلِ حدیث کے فداکار تھے۔ ان کی تنظیمی اور تصنیفی خدمات کو بیان کرنا ایسے ہے جیسے سورج کے آگے چراغ روشن کر دیا جائے۔ آپ رحمہ اللہ کے افکار اور خدماتِ علمیہ یونیورسٹیوں کے پی ایچ ڈی اسکالرز کے مقالات کی تحقیق کا حصہ بن رہے ہیں ۔ ان کی روشن فکر سے ایک زمانہ متاثر ہوا۔ وہ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث ہی کا نہیں عالمِ اسلام کا اثاثہ اور فخر تھے۔ ایک مدیرِ شہیر اور عالمِ دین کی حیثیت سے جس فکر مندی کے ساتھ قوم کی راہنمائی اور جس درد مندی کے ساتھ اہلِ اسلام کو
Flag Counter