Maktaba Wahhabi

789 - 924
27۔نیاز احسن تیمی مدینہ یونیورسٹی، سعودی عرب(مدینہ منورہ)کی ممتاز ترین اسلامی، تعلیمی اور تربیتی یونیورسٹیوں میں اہم مقام کی حامل ہے۔ دنیا بھر کے دینی مدارس سے فارغ التحصیل علما و فضلا رسوخ فی العلم اور مزید اعلیٰ دینی تعلیم کے لیے یہاں کھنچے آتے ہیں ۔ ہمارے زیرِ تذکرہ فاضل علومِ اسلامیہ مولانا نیاز احسن تیمی حفظہ اللہ عالمِ اسلام کی اس عظیم یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہیں ۔ موصوف کا اصل تعلق ہندوستان سے ہے۔ میں ان کے حالات سے آگاہ نہیں ہوں ۔ لیکن ان کی چند تحریریں میری نظر سے گزری ہیں ، جس سے معلوم ہوا ہے کہ ان کے مضامین نہایت ثقہ اور پختہ افکار سے لبریز ہیں ۔ تراجم پر بھی انھیں خوب دسترس حاصل ہے۔ عقیدہ توحید و سنت کے ابلاغ اور ملک و ملت کی خدمت میں اس دورِ طالب علمی میں ان کی کاوشیں نہایت متاثر کن ہیں ۔ مجھے موصوف نیاز احسن تیمی صاحب کے احوال و کوائف درکار ہیں ۔ اپنے ہندوستانی دوستوں سے کہوں گا کہ وہ اس سلسلے میں میری راہنمائی کریں ۔ دعا ہے کہ مالک الملک ممدوح محترم کو علم وعمل کے میدان میں مزید ترقی عطا فرمائے اور وہ صحت و شفا کے ساتھ تادیر کتاب و سنت کے نور کو پھیلاتے رہیں ۔ آمین 28۔محمد خالد چودھری ہمہ جہت قلم کار ہمیشہ ایک آزاد تحقیق اور علمی تگ و دو کا قائل ہوتا ہے۔ ایسے ہی صفات کے حامل ایک قلم کار کا تعارف جناب محمد خالد چودھری حفظہ اللہ کے نام سے مشہور ہے۔ آپ تنظیمی طور پر جماعت اسلامی پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں اور جماعت کے سنجیدہ، متین اور مثبت سوچ کے اہم فرد گردانے جاتے ہیں ۔ موصوف حق پرست، مجسم اخلاق، عوام دوست اور سچے قلم کار ہیں ۔ آپ کی تحریروں سے جماعتِ اسلامی کا فکر و فلسفہ بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ آپ کی گفتگو سے مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ کی فکر و دعوت کے جواہرات و عقیدت کی واضح نشاندہی ہوتی ہے۔ میں جناب خالد چودھری صاحب کا مزید تعارف لکھنا چاہتا تھا، لیکن کوشش کے باوجود مجھے ان کے حالات نہیں مل سکے۔ لاہور میں میرے ایک دوست جناب عرفان جعفر خان صاحب ہیں ۔ ان کا جماعتِ اسلامی پاکستان سے گہرا تعلق ہے۔ میں نے اس سلسلے میں ان سے کئی بار رابطہ کیا، لیکن وہ بھی میری کوئی راہنمائی نہیں کر سکے۔ اگر قارئین میں سے کوئی صاحب ان سے واقف ہو تو برائے مہربانی میرے ساتھ رابطہ ضرور کرے، کیوں کہ مجھے ان کے مستقل حالات چاہییں ، جنھیں میں اپنی مجوزہ کتاب ’’مجلس علم و عرفان‘‘ میں شامل کرنا چاہتا ہوں ۔ اس بارے میں مزید وضاحت اسی باب کے ابتدائیے میں کر دی گئی ہے۔
Flag Counter