Maktaba Wahhabi

727 - 924
14۔مولانا عبدالمعید عبدالجلیل(علی گڑھ، ہندوستان): قافلۂ حدیث کا سالار اللہ تعالیٰ مورخِ اسلام علامہ مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کو غریقِ رحمت کرے(آمین)۔ انھوں نے تصنیف و تالیف کے ذریعے مسلکِ اہلِ حدیث کی بے پناہ خدمت کی ہے۔ایک زمانے سے ان کی تحریروں سے شناسائی ہے۔ فقہائے ہند و پاک کے سلسلے کو بھی دیکھنے کا موقع ملا۔ دائرۂ معارفِ اسلامیہ(پنجاب یونیورسٹی لاہور)اور تاریخِ ادبیاتِ ہند و پاک میں بھی ان کی تحریروں کو پڑھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ ’’الاعتصام‘‘ کی پرانی فائلیں جو جامعہ سلفیہ(بنارس)میں طلبا کی انجمن کی لائبریری اور جامعہ رحمانیہ(بنارس)میں ملیں ، ان کی بھی ورق گردانی کی اور جب تذکرہ و تراجم پر ان کا سلسلہ اشاعت پذیر ہونا شروع ہوا اور اس کی خبر لگی تو بڑے شوق سے اسے اِدھر اُدھر سے لے کر پڑھا اور کسی نہ کسی طرح پاکستان سے مہنگے داموں نقوش عظمتِ رفتہ، بزمِ ارجمنداں اور کاروانِ سلف کو حاصل کیا۔ دوسرے سارے کاموں کو معطل کر کے پورے انہماک سے انھیں پڑھا اور اُن کی اہمیت کے تقاضوں کو پورا کر کے پڑھا۔ کہیں رویا، کہیں مسکرایا، کہیں قہقہہ لگایا، کہیں عش عش کیا، کبھی جرعہ جرعہ ان سے قلب و ذہن کو سیراب کرنے کی کوشش کی۔ کبھی حیرتوں اور حسرتوں میں غوطہ زن ہوا۔ گاہے بلند قامت علما کے علم و تقویٰ کا تمنائی بنا۔ اخیر میں قافلۂ حدیث، برصغیر میں اہلِ حدیث کی آمد، برصغیر کے اہلِ حدیث خدامِ قرآن، برصغیر میں اہلِ حدیث کی سرگزشت، دبستانِ حدیث، چمنستانِ حدیث، گلستانِ حدیث اور ان جیسی دیگر تاریخِ اہلِ حدیث کے موضوع پر کتابوں سے مستفید ہوا۔ اس سلسلے کی دوسری تمام کڑیاں جماعت اہلِ حدیث برصغیر ہی نہیں ، اس علاقے سے تعلق رکھنے والے تمام اہلِ حدیث حضرات پر بڑا احسان ہے یا یوں کہیے کہ انھوں نے تنہا سب کی طرف سے قرض اتار دیا ہے۔ ان کی تحریر پڑھتے چلے جائیے، کہیں ثقالت یا پھیکا پن محسوس نہیں ہوتا۔ سلاست، روانی، برجستگی اور تاثیر ان کی تحریر کی بہت بڑی خوبی ہے۔ ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ قافلۂ حدیث کے سالار اپنے بندے مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہم لا تحرمنا أجرہ، ولا تفتنا بعدہ۔ آمین 15۔مولانا مظہر احسن ازہری(ناظم جامعہ عالیہ عربیہ۔ مؤناتھ بھنجن، ہندوستان): تاریخِ اہلِ حدیث کی ایک مثالی شخصیت نمونۂ سلف ترجمانِ کتاب و سنت، عالمی شہرت یافتہ اسکالر، برصغیر کے ممتاز عالمِ دین، باکمال صحافی، صاحبِ طرز ادیب، مورخ و محسنِ اہلِ حدیث مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی وفات سے جو علمی خلا پیدا ہوا ہے، اس کی بھرپائی ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔ مولانا صاحب رحمہ اللہ نے جو کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں ، ان کو دیکھ کر آنے والی
Flag Counter