Maktaba Wahhabi

796 - 924
حسیت سے مملو ہے۔ گرد و نواح میں ہونے والے واقعات، حادثات بھی ان کے شاعرانہ موضوعات کا حصہ ہیں ۔ اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ ان کا کلام متعلق باللہ ہونے کا ذریعہ ہے۔ اظہار سے ابلاغ تک آپ کے کلامِ سخن کا ایک ایک شعر اہلِ دل و اہلِ فکر کی دل چسپی و قدر دانی کا تقاضا کرتا ہے۔ میں اُن کی فکری و علمی خدمات پر کچھ لکھنا چاہتا ہوں ، اگر کوئی صاحبِ علم موصوف کے حالات و خدمات یا رابطہ نمبر سے آگاہ ہوں تو براہِ کرم مجھے اس کی اطلاع کریں ۔ شکر گزار ہوں گا۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا صاحب کی علمی خدمات کو معاشرتی اصلاح و فلاح کا ذریعہ بنا دے اور انھیں تادیر سلامت و باکرامت رکھے۔ آمین 36۔مولانا محمد سلیم جباری حضرت مولانا حکیم عبدالرحیم اشرف رحمہ اللہ کی علمی یاد گار جامعہ تعلیمات اسلامیہ فیصل آباد علومِ اسلامیہ کی تعلیم و تدریس کا بہت بڑا مرکز ہے، جس کے نگران ان کے جانشین صاحبزادہ ڈاکٹر محمد زاہد اشرف حفظہ اللہ ہیں ۔ مولانا محمد سلیم جباری حفظہ اللہ صاحب اس دانش گاہ میں اپنی خدمات سے طالبانِ علومِ نبوت کو مستفید و مستنیر کر رہے ہیں ۔ موصوف محترم ایک عالم فاضل شخصیت ہیں ۔ آپ نے ۲۰۰۳ء میں جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے سندِ فراغت حاصل کرنے کے بعد خود کو دعوتی، تدریسی اور تالیفی اُمور کے لیے وقف کر دیا۔ اسی دوران میں طارق اکیڈمی فیصل آباد سے ان کا انسلاک پیدا ہو گیا۔ چنانچہ ۲۰۰۳ء سے اکتوبر ۲۰۰۸ء تک انھوں نے ’’مکتبہ طارق اکیڈمی‘‘ میں کام کیا، جو اسلامی کتب کی طباعت و نشر و اشاعت اور عوامی مفاد کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ موصوف کمپیوٹر سے متعلقہ امور پر بھی ماہرانہ عبور رکھتے ہیں ۔ انھوں نے طارق اکیڈمی میں اس کے شعبہ تصحیح و ترتیب کتب میں خوب کام کیا اور بعض کتب پر اضافی فوائد بھی تحریر کیے۔ ادارے کے مشہور مجلہ ’’علم و آگہی‘‘ کے مدیر بھی رہے اور اس کے زیرِ انتظام چلنے والے دو مدارس(خواتین کا تربیتی مدرسہ اور سلائی کا مدرسہ)کے منتظم بھی رہے۔ اکیڈمی کے تحت ادارے کا جو کام انھیں سونپا گیا، نہایت ذمے داری سے اسے انجام تک پہنچایا۔ مولانا جباری صاحب اکتوبر ۲۰۰۸ء کو جامعہ تعلیماتِ اسلامیہ کے مدیر و مدرس مقرر ہو گئے اور اس کے ترجمان ماہنامہ ’’المنیر‘‘ اور اشرف لیبارٹریز کے ترجمان ماہنامہ ’’راہنمائے صحت‘‘ کے مدیر معاون کے طور پر بھی کام کرنے لگے۔ موصوف ’’المنیر‘‘ میں کتابوں پر خوب تنقیدی اور تحسینی انداز میں تبصرہ بھی کرتے ہیں اور مضمون نویسی بھی۔ آپ کے مضامین اسلامی تہذیبی اقدار کے تحفظ کے شعور کی بالیدگی، ظلم و استحصال کے انسداد، آدمیت کے شرف و مجد کی آبیاری، افکار باطلہ و رذیلہ کی بیخ کنی، عقائدِ صحیحہ اور اعمالِ صالحہ کی ترویج کا وسیلہ ہیں ۔ مکرم جباری صاحب ایک منفرد ترجمہ نگار بھی ہیں ۔ ایک طویل عرصہ اخبار ’’رابطۃ العالم الإسلامي‘‘ اور ’’مجلۃ الحج و العمرۃ‘‘ کے مضامین کے اردو ترجمہ کی ذمے داری نبھاتے رہے۔ پچھلے ۲۰ سالوں سے مسلسل
Flag Counter