Maktaba Wahhabi

831 - 924
فاروقی صاحب کے بڑے صاحبزادے مولانا ابوہریرہ فاروقی حفظہ اللہ نوجوان عالمِ دین اور پُراثر خطیب ہیں ۔ جنوبی پنجاب میں دعوتِ کتاب و سنت کے احیا کے لیے نمایاں انداز میں کام کر رہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ فاروقی صاحب کو صحت و شفا والی عمر عزیز عطا فرمائے اور ان سے دعوت کا زیادہ سے زیادہ کام لے۔ آمین 73۔مولانا ابو سفیان محمد خان محمدی اقلیمِ سندھ میں دعوت اہلِ حدیث روز بروز ترقی پذیر ہے۔ قافلہ حدیث پہلے سے زیادہ منظم ہو رہا ہے۔ جماعت کی تنظیم سازی و ترقی میں یقینا اصحابِ قلم حضرات کا بہت اہم کردار ہے۔ اس کاروانِ اصحابِ علم و قلم میں ہمارے مشفق دوست، نوجوان عالمِ دین مولانا ابوسفیان محمد خان محمدی حفظہ اللہ کا نام نامی بھی سرفہرست ہے۔ آپ کا سکونتی تعلق گوٹھ ولی محمد ملکانی ضلع بدین سے ہے۔ درسِ نظامی کی مکمل تعلیم جامعہ بحر العلوم السلفیہ میرپور خاص سے حاصل کی۔ بعد ازاں جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے شہادۃ العالیہ کی سند حاصل کی اور اسی علمی درس گاہ سے شہادۃ العالمیہ میں بھی امتیازی حیثیت سے کامیابی حاصل کی۔ تعلیمی مراحل میں جن اساتذہ نے آپ کی تربیت کی، ان میں مولانا عبدالعلیم لغاری رحمہ اللہ ،(متوفی: ۱۹۸۴ء)، مولانا محمدحیات لاشاری رحمہ اللہ(متوفی: ۲۰۰۶ء)، مولانا ثناء اللہ ہوشیار پوری رحمہ اللہ(متوفی: ۵؍ اپریل ۱۹۹۸ء)علامہ سید بدیع الدین شاہ راشدی رحمہ اللہ(متوفی: ۸؍ جنوری ۹۶ ۱۹ء)، الدکتور اکرم حسین علی رحمہ اللہ(متوفی: ۲۰۰۸ء)، مولانا حافظ عبدالعزیز علوی حفظاللہ ، مولانا عبدالرحمان فیصل آبادی حفظہ اللہ وغیرہم شامل ہیں ۔ ممدوح گرامی کو تصانیف و تراجم کے میدان میں خوب دسترس حاصل ہے۔ آپ کو سندھی زبان و ادب پر بھی ماہرانہ عبور حاصل ہے۔ سندھی زبان میں ان کے لکھے گئے مضامین اور مقالات ان کی محنت، کاوش، جدوجہد اور جامعیت کا مظہر ہیں ۔ محترم خان صاحب تاریخ، سوانح اور علم و ادب کے شناور ہیں ۔ آپ اردو اور سندھی زبان میں تاریخ اہلِ حدیث کے متعدد منفرد گوشوں کو منتقل کرنے کی سعی کر رہے ہیں ۔ اس موضوع پر ان کے کئی مضامین ’’دعوت اہلِ حدیث‘‘ حیدر آباد اور ’’باب الاسلام‘‘ میں بھی شائع ہو چکے ہیں ۔ اب ان کے مختصرعلمی تحریری کارہائے نمایاں کی تفصیل: (1)۔ ’’ھیئۃ الیدین للمصلي في القیامین‘‘ نماز میں رکوع کے بعد ہاتھ باندھنے کے مسئلہ پر مقالہ۔(صفحات ۱۶۵) (2)۔ ’’حصن المسلم‘‘۔ الشیخ سعید بن علی بن وہف القحطانی کی تصنیف کا سندھی میں ترجمہ و تشریح۔ (3)۔ ’’سندھی ترجمہ تفسیر احسن البیان‘‘۔ محترم حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ کی اس مشہور تفسیر کا سندھی میں ترجمہ کرنے کی سعی کر رہے ہیں ۔ (4)۔ ’’ریاض الصالحین‘‘ محترم حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ نے اس کا اردو میں ترجمہ اور شرح لکھی ہے۔ موصوف اس کو سندھی میں منتقل کر رہے ہیں ۔
Flag Counter