Maktaba Wahhabi

244 - 924
۱۸ تبع تابعین رحمہم اللہ کے احوال پر مشتمل۔ (4)۔ فقہائے ہند:( دس جلدیں )پہلی صدی ہجری سے تیرھویں صدی ہجری تک۔ اس میں برصغیر کے تقریباً دو ہزار علما و فقہا کے حالات درج ہیں ۔ (5)۔ ارمغانِ حنیف: اپنے مربی مولانا محمد حنیف ندوی رحمہ اللہ کے حالات پر مشتمل۔ تصنیف و تالیف کے علاوہ ادارہ ’’ثقافتِ اسلامیہ‘‘ کے ماہنامہ ’’المعارف‘‘ کی ادارت بھی ان کے ذمے تھی۔ اس میں اداریہ بھی لکھا کرتے تھے، کتابوں پر تبصرے بھی کرتے تھے۔ مختلف موضوعات پر مضامین بھی لکھتے تھے۔ پی ایچ ڈی کے درج ذیل تین مقالے ایڈٹ کیے، جو ادارے کی طرف سے شائع ہوئے: (1)۔ اردو نثر کے ارتقا میں علما کا حصہ(شمالی ہند میں ۱۸۵۷ء تک)یہ ڈاکٹر محمد ایوب قادری مرحوم کا مقالہ ہے۔ اس مقالے پر بھٹی صاحب نے مقدمہ بھی لکھا۔ (2)۔ قاضی ثناء اللہ پانی پتی: ڈاکٹر محمود الحسن عارف کا مقالہ۔ (3)۔ شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی رحمہ اللہ اور ان کی علمی خدمات: یہ ڈاکٹر ثریاڈار کا مقالہ ہے، جو اس وقت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے شعبۂ عربی کی چیئر پرسن تھیں ۔ وفات پا گئی ہیں ۔ اس مقالے پر بھٹی صاحب نے مقدمہ بھی تحریر کیا۔ (4)۔ پی ایچ ڈی کے مندرجہ بالا مقالوں کے علاوہ پروفیسر عبدالقیوم مرحوم کی صاحب زادی غزالہ حامد کا ایم اے کا ایک مقالہ ’’شروح صحیح بخاری‘‘ ہے۔ اس پر بھی بھٹی صاحب نے مقدمہ لکھا۔ (5)، (6)۔انھوں نے مولانا شاہ محمد جعفر پھلواروی کی کتاب ’’پیغمبرِ انسانیت‘‘ اور مولانا ابویحییٰ امام خاں نوشہروی رحمہ اللہ کی کتاب ’’فقہ عمر‘‘ کی ایڈیٹنگ بھی کی۔ ادارے کی طرف سے چھپنے والی بہت سی کتابوں پر انھوں نے فلیپ لکھے۔ ادارے میں چھپنے کے لیے مختلف مصنفین کے جو مسودات آتے تھے، انھیں پڑھنا اور ان کی اشاعت سے متعلق فیصلہ کن رائے دینا انہی کے ذمے تھا۔ (7)۔ قصوری خاندان: شائع کردہ مکتبہ تعلیماتِ اسلامیہ ماموں کانجن، ضلع فیصل آباد۔ (8)۔ نقوشِ عظمتِ رفتہ: ناشر مکتبہ قدوسیہ اردو بازار۔ لاہور۔ (9)۔ میاں فضل حق رحمہ اللہ اور ان کی خدمات: ناشر میاں فضل حق ویلفیئر ٹرسٹ لاہور۔ (10)۔ چہرۂ نبوت قرآن کے آئینے میں : اس کتاب میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ قرآن کی روشنی میں بیان کی گئی ہے۔ ناشر: علم و عرفان پبلشرز اردو بازار۔ لاہور۔ (11)۔ لسان القرآن(جلد سوم)ناشر: علم و عرفان پبلشرز۔ لاہور(اس کی پہلی اور دوسری جلدیں مولانا محمد حنیف ندوی رحمہ اللہ نے لکھیں ) (12)۔ کاروانِ سلف: ناشر مکتبہ اسلامیہ فیصل آباد ۔
Flag Counter