Maktaba Wahhabi

623 - 924
مت سہل انھیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں تب خاک کے پردے سے انساں نکلتے ہیں مولانا محمداسحاق بھٹی رحمہ اللہ اپنے خاندان کے سربراہ تھے۔ آپ رحمہ اللہ عملی زندگی میں صاف گو، کھرے، سچے اور غریب پرور انسان تھے۔ ممدوح محترم بااصول اور باکردارشخصیت کے حامل تھے۔ آپ کی ذات منفعت اندوزی سے آزاد تھی۔ مولانا رحمہ اللہ کا اپنے خاندان اور رشتے داروں کے ساتھ سلوک انتہائی اعلیٰ درجے کا تھا، جس کے باعث خاندان کے تمام افراد انھیں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ انھوں نے جس خوش اسلوبی اور خوش دلی سے اپنے خاندان کے بعض افراد کی مشکل حالات میں سرپرستی کی وہ آپ ہی کی شخصیت کا خاصا تھا۔ خاندان کے مختلف مزاجوں کے حامل افراد سے ان کی صلاحیتوں کے مطابق کام لینا اور ان کا اکرام کرنا بھی ایک فن ہے۔ فیملی سربراہ کی حیثیت سے اس فن سے واقفیت، اس کے بڑے چھوٹوں کی کارکردگی اور حوصلہ افزائی کے لیے ازحدضروری امر ہے۔ مولانا صاحب رحمہ اللہ اس فن میں درجۂ قابلیت کو چھوتے دکھائی دیتے ہیں ۔ انھوں نے اپنی ذہنی فراست اور ایمانداری سے خاندان کے تمام افراد کو عمربھر متحد کیے رکھا۔ رشتے دار بزرگ و خواتین اور اپنی نوجوان نسل کو ایک منظم لڑی میں پرو رکھنا ان کا کمال تھا۔ انھوں نے نامساعد حالات کے باوجود خاندان کے کمزور افراد کی مالی معاونت کی اور انھیں سرکاری ملازمتیں دلوانے میں بھی نہایت اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے اپنے افرادِ خانہ کی تعلیم و تربیت کا ایسا خوبصورت اہتمام کیا کہ اپنی زندگی میں ہی انھیں پھلتا پھولتا، اعلیٰ تعلیم کی منزلیں طے کرتا اور علم و ادب کے میدان کا راہی بنتا دیکھ گئے۔ ’’ارمغانِ مورخِ اہلِ حدیث مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ ‘‘…… کا یہ باب مولانا مرحوم کی فیملی کے ان قریبی عزیزوں کے تاثرات کے لیے مختص کیا گیا ہے، جنھوں نے ان کی رفاقت میں طویل عرصہ گزارا، ان کے شریکِ کار رہے اور واقف حال رہے، کیوں کہ وہ آپ رحمہ اللہ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو زیادہ احسن انداز میں اُجاگر کر سکتے ہیں ۔ آیئے ان صفحات میں حضرت بھٹی صاحب رحمہ اللہ کے قریبی عزیز و اقارب کے خیالات کی روشنی میں ان کی ہستی کا جمال دیکھتے ہیں ۔ خاندان کے جن حضرات و خواتین کے تاثراتی مضامین اس باب میں شامل کیے جارہے ہیں ۔ ان کی تعداد چھے(۶)ہے۔ ان میں ان کے بھائی جناب سعید احمد بھٹی صاحب، بھتیجا محمد حسان سعید بھٹی، بھانجا حافظ معوذالرحمان منصورپوری، نواسہ محمد نعمان اسحاق، بیٹی محترمہ سمیہ زیرک صا حبہ، بھتیجی محترمہ قدیسہ سعید صاحبہ وغیرہا شامل ہیں ۔ ان مضامین کو درج کرنے سے پہلے ضروری معلوم ہوتا ہے کہ نہایت اختصار سے ان معزز حضرات و خواتین کا تعارف آپ سے کرا دوں ۔
Flag Counter