Maktaba Wahhabi

560 - 924
اہلِ علم و فضل سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر ان کے پاس بھٹی صاحب رحمہ اللہ کے خطوط یا دیگر تحریریں موجود ہوں تو وہ براہِ کرم خاک سار کو ضرور مطلع فرمائیں یا پھر ادارے کے پتے پر بھجوا دیں ۔ ای میل بھی کر سکتے ہیں اور فون پر بھی اطلاع دے سکتے ہیں ۔ زیرِ ترتیب مکاتیب کے مجموعے میں ان حضرات کے تعارف کے ساتھ یہ خطوط درج کیے جائیں گے۔ میں اس سلسلے میں ان کا شکر گزار ہوں گا اور دعاگو بھی رہوں گا۔ ’’ارمغان مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ ‘‘کا یہ باب مولانا مرحوم کے خوشہ چینوں کے اُن خطوط سے مرتب کیا گیا ہے، جو انھوں نے مختلف ادوار میں بنفس نفیس لکھے۔ سارے خطوں کا تو احاطہ اس مختصر سے باب میں نہیں ہو سکتا، میں نے صرف اکیس(۲۱)اصحاب کے نام ان کے اکیس خطوط ہی منتخب کیے ہیں ۔ یعنی ہر شخصیت کے نام صرف ایک خط۔ خطوط کی اس کہکشاں میں آپ جن عالی مقام بزرگوں ، دانشوروں اور نامور علما کے نام مولانا کے خطوط کا مطالعہ کریں گے، ان میں بیشتر حضرات وہ ہیں جن کے مضامین و مقالات اس کتاب کے باب’’اہلِ علم وفضل کے مضامین‘‘ میں موجود ہیں ۔ اس لیے یہاں اُن کا الگ سے تعارف نہیں لکھا گیا، بلکہ اُن کا شخصی تعارف چودھویں باب: ’’اصحابِ نگارش کا تعارف‘‘ میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔ طوالت سے بچتے ہوئے ان خطوط میں جہاں ضروری محسوس ہوا توضیحات بھی پیش کی گئی ہیں ، لیکن ’’مکاتیبِ مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ ‘‘میں مَیں نے تفصیل سے کام کیا ہے۔ تقریباً ہر خط پر حواشی لگائے گئے ہیں ۔ نیز اس میں مولانا کے خطوط کی خوبیاں اور ان کے اسلوبِ خطوط کا بھی فنی طور پر جائزہ لیا گیا ہے۔ نہایت خلوص اور محنت سے اس پر کام کیا ہے۔ بس دعا کیجیے کہ اﷲ تعالیٰ اپنی رضا کے عین مطابق مجھ سے حضرت مرحوم کے اس علمی باب میں خدمت کی توفیق عنایت فرماتا رہے۔ جہاں متعدد مقامات پر مالی وسائل در پیش ہیں ، وہیں شوگر اور دیگر عوارض کا بھی ہر وقت سامنا ہے، کام کرتے کرتے جب اچانک ہی سلسلہ علالت طویل ہو جائے تو پھر قافلۂ حیات کا بھی کوئی اعتبار نہیں رہتا کہ کس گھڑی زندگی کی شام ہو جائے۔ بس میں اﷲ تعالیٰ سے اس کی بارگاہ میں ہمیشہ شفا اور رحمت کی دعا کرتا ہوں ۔ اے مالک! اگر تو نے مجھے قرآن و سنت کا فہم اور علم و ادب کا ذوق عطا فرمایا ہے تو اس کے احیا کے لیے مجھے زندگی کی صحت بخش ساعتیں بھی نصیب فرما دے۔ آمین۔ آپ سے بھی یہی درخواست ہے کہ اپنی خصوصی دعاؤں میں اس گناہ گار کو یاد رکھیے گا۔ جزاکم اللّٰہ خیراً۔ اب ان حضرات کے اسمائے گرامی ملاحظہ فرمائیں ، جن کے نام خطوط اس باب میں آپ پڑھ سکیں گے: (۱)۔مولانا عبدالرشید عراقی۔ (۲)۔جناب بشیر انصاری(ایم۔ اے)۔ (۳)۔پروفیسر سعید مجتبیٰ السعیدی۔ (۴)۔پروفیسر مولانا بخش محمدی۔ (۵)۔محمد عالم مختار حق مرحوم۔ (۶)۔مولانا اشرف جاوید۔ (۷)۔مولانا برق توحیدی۔ (۸)۔محمد تنزیل الصدیقی الحسینی۔ (۹)۔مولانا محمد رمضان یوسف سلفی۔ (۱۰)۔حکیم مدثر محمد خان۔ (۱۱)۔مولانا عبدالمجید محمد حسین بلتستانی۔
Flag Counter