Maktaba Wahhabi

491 - 924
چند روز پیشتر شیخ عمر فاروق نے ایک اور کتاب عنایت فرمائی، جس کا دوسرا اِڈیشن مئی ۲۰۰۷ء میں شائع ہوا ہے۔ اس کتاب کا نام ہے: ’’مسلمان بچے۔‘‘ نہایت شان دار نام، نہایت عمدہ کتاب، نہایت خوب صورت مضامین پر مشتمل اس کتاب میں چھوٹے چھوٹے عنوانات کے تحت قرآنِ مجید کی چھوٹی چھوٹی آیات درج کی گئی ہیں ، جو بچوں کے ذہن کے عین مطابق ہیں ۔ پھر ہر آیت کا اردو ترجمہ دیا گیا ہے۔ عنوانات اس قسم کے ہیں : قرآن، اس کی تلاوت کے آداب، فرشتے، عبادات، نماز، روزہ، حج، اچھے اخلاق، کامیاب لوگ، ناکام لوگ، نیکی اور بدی کی پہچان، اللہ کن لوگوں کو پسند کرتا ہے، اللہ کن لوگوں کو پسند نہیں کرتا، حقوق اللہ اور حقوق العباد، عدل اور احسان، آدابِ زندگی، ذکرِ الٰہی، توبہ و استغفار، تواضع، رحمن کے بندوں کی پہچان۔ اس قسم کی بہت عمدہ ترین باتیں ہیں ، جو مختصر الفاظ میں قرآنِ مجید سے بیان کی گئی ہیں ۔ صفحہ ۲۲۵ سے صفحہ ۲۴۴ تک ’’خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاداتِ گرامی‘‘ کے دلکش عنوان سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے چند ارشادات ضبطِ تحریر میں لائے گئے ہیں ۔ اس کے بعد قرآنی دعائیں ہیں ، مثلاً: مظلوم کی دعا، مسافر کو الوادع کہنے کی دعا، والدین کے لیے رحمت کی دعا، آغازِ سفر کی دعا۔۔۔۔۔! پھر بعض انبیا علیہم السلام کی دعاؤں کا ذکر ہے۔ یہ سب وہ دعائیں ہیں جو قرآنِ مجید میں بیان فرمائی گئی ہیں ۔ پوری کتاب قرآنی ہدایات کا خوب صورت ترین مجموعہ ہے۔ ’’مسلمان بچے‘‘ اس کا مطالعہ کریں گے تو ان شاء اللہ قرآن و سنت کی روشن ہدایات کا باب اپنے سامنے کھلا پائیں گے۔کتاب پڑھیے اور اس کے فاضل مصنف کے لیے(جو مسلمانوں کے مخلص ترین بہی خواہ ہیں )دعائے خیر کیجیے۔‘‘ ٭٭٭
Flag Counter