Maktaba Wahhabi

312 - 531
طواف افاضہ کے بعد عورتوں کے پاس جانا سوال: جب حاجی طواف افاضہ کر لے تو کیا اس کے لیے ایام تشریق میں عورتوں کے پاس جانا حلال ہے؟ جواب: جب حاجی طواف افاضہ کر لے تو اس کے لیے عورتوں کے پاس جانا حلال نہیں بشرطیکہ وہ دیگر تمام امور مثلا رمی جمرہ اور حلق یا تقصیر کی بھی تکمیل کر لے تو اس کے لیے عورتوں کے پاس جانا حلال ہے ورنہ نہیں۔ اکیلا طواف کر لینا ہی کافی نہیں بلکہ ضروری ہے کہ عید کے دن رمی جمرہ کی جائے بالوں کو منڈوانا یا کٹوانا اور طواف بھی ضروری ہے، نیز اس کے ذمہ اگر سعی ہو تو سعی بھی ضروری ہے۔ ان تمام امور کی تکمیل کے بعد عورتوں سے مباشرت حلال ہو گئی، تکمیل سے پہلے نہیں۔ لیکن اگر وہ ان تین کاموں میں سے دو کر لے یعنی اگر رمی کر لے اور بالوں کو منڈوا یا کٹوا لے تو اس کے لیے لباس اور خوشبو جائز ہو جاتی ہے، عورت سے صحبت نہیں، اسی طرح اگر رمی اور طواف کر لے یا طواف کر لے اور بال منڈوا لے تو اس کے لیے خوشبو، سلا ہوا لباس، شکار اور ناخن تراشنا وغیرہ حلال ہو جاتا ہے لیکن عورتوں سے صحبت صرف اسی صورت میں حلال ہو گی جب وہ تینوں کام کر لے، یعنی جمرہ عقبہ کو رمی کر لے، بالوں کو منڈوا یا کٹوا لے، طواف افاضہ کر لے اور اگر متمتع کی طرح اس کے ذمہ سعی ہو تو سعی بھی کر لے تو ان تمام امور کی تکمیل کے بعد اس کے لیے عورتیں حلال ہوں گی۔ واللہ اعلم ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔ حالت احرام میں احتلام سوال: جب ہم نے آٹھ تاریخ کو احرام پہنا اور منیٰ میں رات بسر کی تو مجھے احتلام ہو گیا، جس کی وجہ سے میں بہت پریشان ہو گیا کہ اگر غسل کروں تو اس سے سر سے بال گریں گے اور مجھے احرام کھولنا پڑے گا جس کی وجہ سے مجھے ممنوعات احرام میں سے دو کاموں کا ارتکاب کرنا پڑے گا اور تیمم کی صورت میں یہ ارتکاب نہیں ہوتا لیکن میں نے تیمم کے بجائے غسل ہی کر لیا تو اس مسئلہ میں کیا حکم ہے؟ فتویٰ دیجئے، اللہ تعالیٰ آپ کو اجروثواب سے نوازے گا؟ جواب: جسے احتلام ہو جائے اس پر غسل کرنا واجب ہے، غسل کئے بغیر نماز، طواف اور قرآن مجید کی تلاوت کرنا صحیح نہیں ہے، لہذا اسے ہر صورت میں غسل کرنا چاہیے خواہ وہ محرم ہی کیوں نہ ہو، غسل کرتے ہوئے اگر سر سے چند بال گر جائیں تو اس میں کوئی حرج نہیں کیونکہ ممنوع یہ ہے کہ آدمی از خود بال منڈوائے یا کٹوائے یا اکھاڑے۔ احتلام کی وجہ سے غسل واجب ہے، غسل کرتے ہوئے سر کو دھونا اور بالوں میں خلال کرنا واجب ہے لیکن بہت مبالغے کے ساتھ بالوں کو نہ ملے بلکہ سر پر پانی بہا دے اور ہاتھوں کی انگلیوں کو بالوں میں پھیرے تاکہ پانی سر کی جلد تک پہنچ جائے کیونکہ جنابت کا اثر ایک ایک بال کے نیچے ہوتا ہے۔ احرام کو اتارنا ،یعنی تہبند کو ضرورت کے وقت اتارنا ممنوعات احرام میں سے نہیں ہے۔
Flag Counter