Maktaba Wahhabi

34 - 531
پیاز کھانے اور سگریٹ پینے والے کا مسجد میں داخلہ سوال: جو شخص مسجد میں لہسن یا پیاز کھا کر آئے تو اس کے مکروہ ہونے کی وجہ کیا ہے؟ اسلام کے نزدیک لہسن و پیاز اور سگریٹ کی بدبو میں کیا فرق ہے؟ بعض سگریٹ نوش نمازی جب سگریٹ پی کر مسجد میں آتے ہیں تو ان سے سگریٹ کی بدبو آ رہی ہوتی ہے اور وہ اس بات کی قطعا پرواہ نہیں کرتے۔ امید ہے آپ واضح فرمائیں گے کہ سگریٹ نوش اور لہسن و پیاز کھانے والے کے مسجد میں داخلہ کے مکروہ ہونے میں کیا فرق ہے؟ جزاکم اللہ خیرا جواب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ ثابت ہے کہ آپ نے فرمایا: (مَنْ أَكَلَ ثَوْمًا أَوْ بَصَلاً فَلْيَعْتَزِلْ مَسْجِدَنَا وَلْيَقْعُدْ فِي بَيْتِهِ فَإِنَّ الْمَلَائِكَةَ تَتَأَذَّى مِمَّا يَتَأَذَّى مِنْهُ بَنُو آدَمَ) (صحيح البخاري‘ الاذان‘ باب ما جاء في الثوم النبي...الخ‘ ح:855 وصحيح مسلم‘ المساجد‘ باب نهي من اكل ثوما او بصلا...الخ‘ ح:564) ’’جو شخص لہسن یا پیاز کھائے وہ ہماری مسجد سے الگ رہے اور اپنے گھر میں بیٹھ جائے کیونکہ فرشتے بھی اس چیز سے تکلیف محسوس کرتے ہیں جس سے انسان تکلیف محسوس کرتے ہیں۔‘‘ اس مضمون کی اور بھی بہت سی احادیث ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بھی ثابت ہے کہ جس شخص سے لہسن یا پیاز کھانے کی وجہ سے بدبو آ رہی ہوتی آپ حکم دے دیتے کہ ’’اسے مسجد سے باہر نکال دیا جائے۔‘‘[1] اس کا سبب یہ ہے کہ نمازی، قرآن مجید کی تلاوت کرنے والے اور فرشتے ناگوار بو سے ایذاء پاتے ہیں لہذا ہر وہ شخص جس سے ناگوار بو آ رہی ہو جیسے سگریٹ نوش، تو اس کا حکم بھی لہسن و پیاز کھانے والے کی طرح ہے۔ ان سب کے لیے (اس وقت تک) مسجد میں آنا منع ہے جب کہ کوئی ایسی چیز استعمال نہ کر لیں جس سے ناگوار بو زائل ہو جائے۔ علاوہ ازیں جس شخص کی بغلوں وغیرہ سے ناگوار بو آ رہی ہو تو اس کا حکم بھی یہی ہو گا کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سلسلہ میں جو وجہ بیان فرمائی ہے اس کے عموم کا یہی تقاضا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی محبت اور رضا کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔ ایسی مسجدوں کو چھوڑ دینے کا حکم جن میں بدعات کی کثرت ہو سوال: کیا ایسی مسجدوں کو چھور دینا چاہیے جن میں بدعات کی کثرت ہو؟ جواب: مسلمان کو چاہیے کہ جہاں تک ممکن ہو بدعات کے ازالہ کی کوشش کرے اور اگر ان کا ازالہ مشکل ہو تو پھر ایسی مسجد کو چھوڑ کو کسی ایسی مسجد میں نماز پڑھے جو بدعات سے پاک ہو۔ وباللّٰه التوفيق وصلي اللّٰه وسلم علي نبينا محمد وآله وصحبه ۔۔۔فتویٰ کمیٹی۔۔۔
Flag Counter