Maktaba Wahhabi

138 - 531
زکوٰۃ کی نیت سے قرض معاف کرنا سوال: جب میں نے بعض لوگوں کو قرض دیا ہو اور ان کے لیے واپس کرنا مشکل ہو تو کیا یہ جائز ہے کہ میں اس قرض کو معاف کر کے اسے زکوٰۃ میں شمار کر لوں یا یہ جائز نہیں ہے؟ جواب: جب کسی شخص پر آپ کا کوئی حق ہو تو یہ جائز نہیں کہ آپ اسے ساقط کر کے زکوٰۃ میں شمار کر لیں کیونکہ اس طرح آپ نے اپنا مال تو بچا لیا کہ وصول نہ ہونے والے مال کو اپنے مال کی زکوٰۃ سمجھ کر ساقط کر دیا اور وہ زکوٰۃ جس کی ادائیگی آپ کے ذمہ تھی، اسے آپ نے اپنا مال سمجھ کر اپنے پاس رکھ لیا، لہذا یہ جائز نہیں۔ وباللہ التوفیق۔ ۔۔۔فتویٰ کمیٹی۔۔۔ کیا سونے کے قلم کی زکوٰۃ دی جائے گی؟ سوال : مجھے کچھ سونے کے قلم بطور تحفہ ملے ہیں، ان کے استعمال کا کیا حکم ہے؟ کیا ان قلموں کی زکوٰۃ ادا کرنا ہو گی یا نہیں؟ مستفید فرمائیے، اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر سے نوازے! جواب: صحیح ترین بات یہ ہے کہ مردوں کے لیے انہیں استعمال کرنا حرام ہے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کے عموم کا یہی تقاضا ہے: (أُحِلَّ الذَّهَبُ وَالْحَرِيرُ لِإِنَاثِ أُمَّتِي، وَحُرِّمَ عَلَى ذُكُورِهَا) (سنن النسائي‘ الزينة‘ باب تحريم الذهب علي الرجال‘ ح: 5151) ’’سونا اور ریشم میری امت کی عورتوں کے لیے حلال اور مردوں کے لیے حرام قرار دیا گیا ہے۔‘‘ نیز سونے اور ریشم کے بارے میں آپ نے یہ بھی فرمایا ہے: (هذان حل لاناث امتي حرام علي ذكورهم) (لم اجده بهذا اللفظ بل معناه في سنن النسائي‘ الزينة باب تحريم الذهب علي الرجال‘ ح: 5147-5150 مختصرا وسنن ابن ماجه‘ اللباس‘ باب لبس الحرير والذهب للنساء‘ ح: 3595-3597) ’’یہ دونوں چیزیں میری امت کی عورتوں کے لیے حلال اور مردوں کے لیے حرام ہیں۔‘‘ جہاں تک ان کی زکوٰۃ کا تعلق ہے، اگر ان قلموں ہی کا وزن نصاب کے مطابق ہو یا سونے کی دیگر اشیاء کے ساتھ مل کر نصاب مکمل ہو جائے تو سال مکمل ہونے پر زکوٰۃ واجب ہو گی، اسی طرح اگر اس کے پاس چاندی یا سامان تجارت ہو اور ان کے ملانے سے نصاب مکمل ہو جاتا ہو تو پھر بھی علماء کے صحیح قول کے مطابق زکوٰۃ واجب ہو گی کیونکہ سونا چاندی گویا ایک چیز کی طرح ہے۔ ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔
Flag Counter