Maktaba Wahhabi

153 - 531
مہینے کی ابتداء و انتہاء اور رؤیت ہلال کے احکام رمضان اور شوال کا چاند دیکھنا سوال: وہ کیا طریقہ ہے جس سے معلوم ہو کہ قمری مہینہ شروع ہو گیا ہے؟ جواب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح احادیث اس امر پر دلالت کناں ہیں کہ جب ایک ثقہ آدمی غروب آفتاب کے بعد شعبان کی تیسویں رات کو اور دو ثقہ آدمی رمضان کی تیسویں رات کو چاند دیکھ لیں تو یہ رؤیت معتبر ہو گی اور اسی سے مہینے کا آغاز معلوم ہو جائے گا۔ اس بات کی ضرورت نہیں ہے کہ یہ دیکھا جائے کہ غروب آفتاب کے بعد چاند کتنے منٹ تک باقی رہا ہے یعنی بیس منٹ یا اس سے کم و بیش کیونکہ صحیح احادیث سے یہ قطعا ثابت نہیں کہ غروب آفتاب کے کتنے منٹ بعد چاند غروب ہوا ہو تو نیا چاند نظر آتا ہے۔ ۔۔۔فتویٰ کمیٹی۔۔۔ اثبات ہلال کے لیے حساب پر اعتماد جائز نہیں سوال: بعض اسلامی ملکوں میں لوگ رمضان کے لیے شاند دیکھنے کی بجائے کیلنڈر پر اعتماد کرتے ہیں تو اس کا کیا حکم ہے؟ جواب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کو یہ حکم دیا ہے کہ ’’وہ چاند دیکھ کر روزے رکھیں اور چاند دیکھ کر ہی روزے چھوڑیں اور اگر مطلع ابر آلود ہو تو مہینے کے تیس دن پورے کر لیں۔‘‘[1] نبی علیہ الصلوة والسلام نے یہ بھی فرمایا ہے: (إِنَّا أُمَّةٌ أُمِّيَّةٌ لَا نَكْتُبُ وَلا نَحْسِبُ، الشَّهْرُ هَكَذَا وَهَكَذَا وَهَكَذَا، وخنس ابهامه في الثالثة وقال: الشَّهْرُ هَكَذَا وَهَكَذَا وَهَكَذَا واشار باصابعه كلها يعني بذلك ان الشهر يكون تسعا و عشرين ويكون ثلاثين) (صحيح البخاري‘ الصوم‘ باب قول النبي صلي اللّٰه عليه وسلم‘ لا نكتب ولا نحسب‘ ح: 1913‘ والطلاق‘ باب اللعان... الخ‘ ح: 5302 وصحيح مسلم‘ الصيام‘ باب وجوب صوم رمضان لروية الهلال...الخ‘ ح: 1080) ’’ہم ایک امی امت ہیں۔ ہم حساب کتاب نہیں جانتے۔ مہینہ اس طرح، اس طرح اور اس طرح ہوتا ہے اور دونوں ہاتھوں کی انگلیوں سے اشارہ کرتے وقت تیسری بار آپ نے انگوٹھے کو بند کر لیا تھا، پھر فرمایا :مہینہ اس طرح، اس طرح اور اس طرح ہوتا ہے اور دونوں ہاتھوں کی تمام انگلیوں سے اشارہ کیا اس سے مقصود یہ تھا کہ قمری مہینہ کبھی انتیس اور کبھی تیس دن کا ہوتا ہے۔‘‘
Flag Counter