Maktaba Wahhabi

336 - 531
طواف افاضہ میں تاخیر سوال: کیا طواف افاضہ کو طواف وداع کے ساتھ مؤخر کرنا جائز ہے؟ کیا حاجی کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ طواف کے سات چکروں میں پانی پینے کے لیے وقفہ کرے؟ جواب: رش وغیرہ کے خوف کی وجہ سے طواف افاضہ کو مؤخر کرنا جائز ہے، لہذا مکہ سے رخصت ہوتے ہوئے افاضہ اور وداع کی نیت سے طواف کر لے تو یہ دونوں سے کفایت کرے گا اور اس کے بعد رخصت ہو جائے تاکہ اس پر یہ بات صادق آ سکے کہ اس نے آخری لمحات بیت اللہ میں گزارے ہیں، لیکن افضل یہ ہے کہ طواف افاضہ عید کے دن یا ایام تشریق میں کیا جائے جب کہ اسے مؤخر کرنا بھی جائز ہے۔ طواف کے چکروں میں تھوڑا سا وقفہ کرنا جائز ہے مثلا اس قدر کہ وضو کی تجدید کی جا سکے، پانی پیا جا سکے، فرض نماز یا نماز جنازہ وغیرہ ادا کی جا سکے۔ اگر وقفہ طویل ہو مثلا آدھا گھنٹہ یا اس سے بھی زیادہ تو پھر صحیح بات یہ ہے کہ اس سے طواف باطل ہو جائے گا، لہذا اسے چاہیے کہ اس قدر طویل وقفہ کے بعد طواف از سر نو شروع کرے۔ صفا و مروہ کی سعی کے بارے میں بھی یہی حکم ہے۔واللہ اعلم ۔۔۔شیخ ابن جبرین۔۔۔ طواف افاضہ، طواف وداع سے بھی کفایت کرتا ہے سوال: جو شخص طواف افاضہ مؤخر کر دے اور پھر طواف افاضہ اور طواف وداع کی نیت کر کے ایک ہی طواف کر لے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ کیا طواف افاضہ رات کو بھی کیا جا سکتا ہے؟ جواب: اعمال حج کے بعد سفر کے وقت اگر یہ طواف کیا جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں، طواف افاضہ، طواف وداع سے بھی کفایت کر جائے گا خواہ طواف افاضہ کے ساتھ طواف وداع کی نیت کرے یا نہ کرے۔ مقصود یہ ہے کہ طواف افاضہ، طواف وداع سے بھی کفایت کر جاتا ہے جب کہ وہ مکہ سے خروج کے وقت کیا جائے اور اگر ان دونوں (طواف افاضہ اور وداع) کی نیت کرے تو بھی کوئی حرج نہیں۔ یاد رہے طواف افاضہ اور طواف وداع دن ہو یا رات ہر وقت کرنا جائز ہے۔ ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔ طواف وداع کے بعد کیا واجب ہے؟ سوال: طواف وداع کے بعد حاجی کے ذمہ کیا واجب ہے؟ جواب: طواف وداع اعمال حج میں سے آخری عمل ہے۔ اس کے بعد حاجی کو ملتزم کے پاس کھڑے ہو کر دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ اسے دوبارہ بیت اللہ شریف آنے کی توفیق عطا فرمائے، یہ اس کی آخری حاضری نہ ہو، اس کے علاوہ اور بھی مناسب دعائیں کرے اور پھر معمول کی چال کے ساتھ بیت اللہ شریف سے نکل جائے یعنی یہ حکم شریعت نہیں کہ واپسی کے وقت وہ الٹے پاؤں چلے بلکہ معمول ہی کی چال چلے کہ بیت اللہ شریف اس کے پیچھے ہو اور پھر اپنے سفر پر روانہ ہو
Flag Counter