Maktaba Wahhabi

473 - 531
جواب: میں اس سوال کا جواب نہیں دے سکتا کیونکہ بازاروں میں کام کرنے والی کمپنیاں سودی معاملات کے اعتبار سے مختلف ہیں۔ کسی کمپنی کے بارے میں اگر یہ معلوم ہو کہ یہ سودی کاروبار کرتی اور حصص خریدنے والوں میں سودی نفع تقسیم کرتی ہے تو پھر اس کے حصص خریدنا جائز نہیں ہے۔ اگر آپ نے حصص خرید لیے ہوں اور یہ بعد میں معلوم ہوا کہ اس کا کاروبار سودی ہے تو اس کمپنی کے پاس جا کر اپنا اشتراک ختم کر دو۔ اور اگر یہ ناممکن ہو اور آپ کا کمپنی میں حصہ باقی رہے تو پھر اس طرح کرو کہ جب کمپنی سے نفع آئے تو اس میں سے اپنے حلال نفع کو لے لو اور حرام نفع سے نجات حاصل کرنے کے لیے اسے صدقہ کر دو۔ اور اگر نفع میں حلال و حرام کی شرح معلوم کرنا بھی ممکن نہ ہو تو پھر احتیاط کے طور پر نصف نفع صدقہ کر دو اور نصف اپنے پاس رکھ لو کیونکہ آپ کے بس میں یہی ہے اور ارشاد باری تعالیٰ ہے: (فَٱتَّقُوا۟ ٱللّٰهَ مَا ٱسْتَطَعْتُمْ) (التغابن 64/16) ’’سو جہاں تک ہو سکے تم اللہ سے ڈرو۔‘‘ ۔۔۔شیخ ابن عثیمین۔۔۔ کرنسی کا کاروبار کرنسی کے کاروبار کے بارے میں حکم سوال: کیا مسلمان کے لیے کرنسی کا کاروبار کرنا صحیح ہے؟ کیا اسلام اس کی اجازت دیتا ہے؟ اس کے کاروبار کے بارے میں شرعی حکم کیا ہے؟ جواب: کرنسی کے کاروبار میں کوئی حرج نہیں کیونکہ یہ نقدی کے ساتھ بیع ہے لیکن اس میں شرط یہ ہے کہ الگ ہونے سے پہلے بائع اور مشتری اپنی اپنی نقدی کو قبضہ میں لے لیں، خواہ وہ نقدی دے کر بینک کی طرف سے تصدیق شدہ چیک وصول کریں کیونکہ چیک بھی نقدی ہی کے قائم مقام ہیں اور خواہ یہ دونوں باہمی سودا کرنے والے مالک ہوں یا وکیل، اور اگر عرف اس طرح نہ ہو تو پھر یہ کاروبار جائز نہ ہو گا اور ایسا کام کرنے والا گناہ گار اور ناقص الایمان تو ضرور ہو گا لیکن وہ اس سے کافر نہیں ہو گا۔ ۔۔۔شیخ ابن جبرین۔۔۔ کرنسی کی خریدو فروخت سوال: کیا ایک مسلمان کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ ڈالر یا کوئی اور کرنسی سستے بھاؤ خریدے اور جب وہ مہنگی ہو جائے تو اسے بیچ دے؟ جواب: اس میں کوئی حرج نہیں جب وہ ڈالر یا کوئی بھی اور کرنسی خریدے اور اسے اپنے پاس محفوظ رکھے اور پھر اس کے بعد جب وہ مہنگی ہو تو اسے بیچ دے لیکن اسے ادھار نہیں بلکہ دست بدست خریدے مثلا ڈالروں کو سعودی ریالوں یا عراقی دیناروں کے ساتھ دست بدست خریدے کیونکہ سونے اور چاندی کی طرح کرنسی کے لیے بھی یہ ضروری ہے کہ اس کا سودا دست بدست ہو۔ واللہ المستعان۔
Flag Counter