Maktaba Wahhabi

379 - 531
(3) تمتع اور قران کے فدیہ کی صورت میں دم لازم ہے، بشرطیکہ اس کےپاس موجود ہو اور اگر موجود نہ ہو تو دس دن کے روزے رکھ لے، تین روزے مکہ مکرمہ میں رکھے اور سات گھر واپس آ کر رکھ لے۔ (4) حج کے واجبات میں سے کسی واجب کو ترک کرنے کی صورت میں دم لازم ہے مثلا مزدلفہ میں رات بسر کرنا، رمی جمار، بال منڈانا، طواف وداع اور میقات سے احرام باندھنے میں سے اگر کسی واجب کو ترک کر دے تو اس پر لازم ہے کہ ایک جانور ذبح کر کے مساکین حرم میں تقسیم کردے۔ اگر ایک ہی جنس کے ممنوع کا کئی بار ارتکاب ہو تو اس پر ایک ہی فدیہ لازم ہے مثلا یہ کہ ہر دن کئی بال منڈا دے یا کئی بار اپنے سر کو ڈھانپ لے لیکن اگر پہلی بار کے فعل کا فدیہ دے اور پھر دوبارہ اس کا ارتکاب کرے تو دوبارہ فدیہ لازم ہو گا۔ ۔۔۔شیخ ابن جبرین۔۔۔ جو شخص حرم کا درخت کاٹ دے سوال: جو شخص حرم کا درخت کاٹ دے، اس پر کیا واجب ہے؟ حرم مکہ کی حدود کیا ہیں؟ جواب: جو شخص حرم مکہ کا ایک بڑا درخت کاٹ دے تو اس پر واجب ہے کہ ایک اونٹ ذبح کرے اور جو کوئی چھوٹا درخت کاٹ دے تو اس پر واجب ہے کہ ایک بکری ذبح کرے اور جڑی بوٹی کی صورت میں اس کی قیمت ادا کی جائے۔ ہاں البتہ ان ٹہنیوں کو کاٹنا جائز ہے جو پھیل کر راستے پر آ گئی ہوں اور ان سے گزرنے والوں کو تکلیف ہوتی ہو، اسی طرح آدمی نے خود جو فصل اگائی ہو اسے کاٹنا بھی جائز ہے۔ حرم مکہ کی حدود معروف ہیں۔ ان کے اختتام پر نمایاں علامات لگا دی گئی ہیں جیسا کہ وہ علامت جو مزدلفہ اور عرفہ کے درمیان لگا دی گئی ہے، اسی طرح جدہ کے راستے میں شمیسی کے قریب یعنی حدیبیہ کے مقام پر بھی علامت لگائی گئی ہے۔ ۔۔۔شیخ ابن جبرین۔۔۔ واجب ترک کرنے والے سے دم ساقط نہیں ہوتا سوال: کیا دم ساقط ہو جاتا ہے، اس جاہل سے جو حکم نہیں جانتا یا اس شخص سے جو بھول کر واجبات حج میں سے کسی واجب مثلا رات بسر کرنا، رمی کرنا اور بال منڈانا وغیرہ کو ترک کر دے یا ضروری ہے کہ دم دیا جائے؟ نیز کیا ممنوعات احرام میں سے کسی کے ارتکاب کی صورت میں بھی دم ضروری ہے؟ جواب: جو شخص جاہل ہو یا بھول کر ممنوعات احرام میں سے کسی ممنوع کا ارتکاب کرے تو اس سے تو دم ساقط ہو جاتا ہے، لیکن جو شخص جہالت یا نسیان کے باعث حج یا عمرہ کے واجبات میں سے کسی واجب کو ترک کر دے تو اس سے دم ساقط نہیں ہوتا کیونکہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ جو شخص حج کے کسی حکم کو ترک کر دے یا بھول جائے تو اسے چاہیے کہ وہ خون بہائے، نیز اس حدیث سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے جس میں یہ ہے کہ ایک شخص نے عمرہ کی حالت میں خوشبو سے معطر جبہ پہن لیا تھا۔ ۔۔۔فتویٰ کمیٹی۔۔۔
Flag Counter