Maktaba Wahhabi

300 - 531
لباس احرام کو تبدیل کرنا سوال: کیا دھونے کے لیے احرام کے لباس کو تبدیل کرنا جائز ہے؟ جواب: لباس احرام کو دھونے میں کوئی حرج نہیں، اسی طرح احرام کو تبدیل کر کے اس کے بجائے دوسرا نیا یا دھلا ہوا احرام پہننے میں بھی کوئی حرج نہیں۔ ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔ حالت احرام میں جرابوں اور دستانوں کا استعمال سوال: حالت احرام میں جرابوں اور دستانوں کے استعمال کے بارے میں کیا حکم ہے؟ اور اس کی کیا دلیل ہے؟ جواب: مرد کے لیے حالت احرام میں جرابوں اور موزوں کا استعمال جائز نہیں ہے، الا یہ کہ اس کے پاس جوتے نہ ہوں کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (مَنْ لَمْ يَجِدْ نَعْلَيْنِ فَلْيَلْبَسْ خُفَّيْنِ , وَمَنْ لَمْ يَجِدْ إِزَارًا فَلْيَلْبَسْ سَرَاوِيلَ) (صحيح البخاري‘ جزاء الصيد‘ باب لبس الخفين...الخ‘ ح: 1841 وصحيح مسلم‘ الحج‘ باب ما يباح للمحرم بحج او عمرة...الخ‘ ح: 1179) ’’جس شخص کے پاس جوتے نہ ہوں، وہ موزے پہن لے اور جس کے پاس تہبند نہ ہو وہ شلوار پہن لے۔‘‘ ہاں البتہ عورت کے لیے حالت احرام میں بھی موزے اور جرابیں پہننے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ اس کا سارا بدن پردہ ہے اور موزوں اور جرابوں کا استعمال اس کے لیے ستر پوشی کا موجب ہے اور اگر عورت اپنے کپڑوں کو اس قدر نیچے لٹکائے کہ جس سے اس کے پاؤں چھپ جائیں تو یہ بھی نماز اور غیر نماز دونوں حالتوں میں موزوں اور جرابوں کے بجائے کافی ہے۔ مرد اور عورت دونوں ہی کے لیے حالت احرام میں دستانوں کا استعمال جائز نہیں ہے کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے محرم عورت کے بارے میں فرمایا ہے: (وَلاَ تَنْتَقِبْ الْمَرْأَةُ الْمُحْرِمَةُ ، وَلاَ تَلْبَسِ القُفَّازَيْنِ ) (صحيح البخاري‘ جزاء الصيد‘ باب ما ينهي من الطيب ...الخ‘ ح: 1838) ’’محرمہ عورت نقاب استعمال نہ کرے اور نہ دستانے پہنے۔‘‘ جب عورت کے لیے دستانوں کا استعمال حالت احرام میں حرام ہے تو مرد کے لیے یہ بالاولیٰ حرام ہو گا، اسی وجہ سے نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اس شخص کے بارے میں فرمایا تھا، جو حالت احرام میں فوت ہو گیا تھا: (اغْسِلُوهُ بِمَاءٍ وَسِدْرٍ، وَكَفِّنُوهُ فِي ثَوْبَيْهِ، (وَلَا تُحَنِّطُوهُ )، وَلا تُخَمِّرُوا رَأْسَهُ وَلا وَجْهَهُ ، فَإِنَّهُ يُبْعَثُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مُلَبِّيًا) (صحيح البخاري‘ جزاء الصيد‘ باب المحرم يموت بعرفة...الخ‘ ح: 1849 وصحيح مسلم‘ الحج‘ باب ما يفعل بالمحرم اذا مات‘ ح: 1206 واللفظ لمسلم) ’’اسے پانی اور بیری کے پتوں کے ساتھ غسل دو، احرام کی دونوں چادروں میں کفن دو، اسے خوشبو نہ لگاؤ اور نہ اس کے سر اور چہرے کو ڈھانپو کیونکہ اسے روز قیامت لبیک کہتے ہوئے اٹھایا جائے گا۔‘‘
Flag Counter