Maktaba Wahhabi

228 - 531
نفل روزوں کی قضا نہیں سوال: میں ہر ماہ تین روزے رکھتا ہوں۔ ایک ماہ بیماری کی وجہ سے میں روزے نہ رکھ سکا تو کیا ان کی قضا یا کفارہ لازم ہے؟ جواب: نفل روزوں کی قضا نہیں، خواہ انہیں اپنے اختیار ہی سے کیوں نہ ترک کیا ہو، ہاں البتہ ایک مسلمان کے لیے یہ افضل ضرور ہے کہ جس عمل صالح کا معمول ہو اسے ہمیشہ سر انجام دے کیونکہ حدیث میں ہے: (أَنَّ أَحَبَّ الْعَمَلِ إِلَى اللّٰهِ أَدْوَمُهُ وَإِنْ قَلَّ) (صحيح البخاري‘ الرقاق‘ باب القصد والمداومة علي العمل‘ ح: 6464 وصحيح مسلم‘ صفات المنافقين‘ باب لن يدخل احد الجنة بعمله...الخ‘ ح: 2818 واللفظ له) ’’اللہ تعالیٰ کو وہ عمل سب سے زیادہ پسند ہے جسے ہمیشہ سر انجام دیا جائے خواہ وہ تھوڑا ہو۔‘‘ مذکورہ روزے نہ رکھنے کی وجہ سے آپ پر کوئی قضا یا کفارہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ انسان کا اگر کسی عمل صالح کا معمول ہو اور وہ بیماری یا کسی عذر یا سفر وغیرہ کی وجہ سے اسے سر انجام نہ دے سکے تو پھر بھی اس کے لیے اس کا اجروثواب لکھ دیا جاتا ہے۔ کیونکہ حدیث میں ہے: (إِذَا مَرِضَ الْعَبْدُ أَوْ سَافَرَ، كُتِبَ لَهُ مِنَ الْأَجْرِ مِثْلُ مَا كَانَ يَعْمَلُ مُقِيمًا صَحِيحًا ) (صحيح البخاري‘ الجهاد والسير‘ باب يكتب للمسافر مثل ما كان يعمل...الخ‘ ح: 2996) ’’جب (مومن) بندہ بیمار ہوتا ہے یا سفر کرتا ہے تو وہ جس قدر عبادات بحالت اقامت اور دوران صحت کرتا تھا اس کے لیے وہ سب لکھی جاتی ہیں۔‘‘ ۔۔۔فتویٰ کمیٹی۔۔۔ وہ ایام جن میں روزہ رکھنا منع ہے سوال: وہ کون سے ایام ہیں جن میں روزہ رکھنا مکروہ ہے؟ جواب: وہ ایام جن میں روزہ رکھنے کی ممانعت ہے ان میں سے ایک تو جمعے کا دن ہے کہ یہ جائز نہیں کہ محض جمعے کے دن کا نفل روزہ رکھا جائے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے،[1] اسی طرح صرف ہفتے کے دن کا روزہ رکھنا بھی منع ہے لیکن اگر جمعے کے دن کے ساتھ ہفتے یا جمعرات کا بھی روزہ رکھ لے تو پھر کوئی حرج نہیں جیسا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث سے ثابت ہے۔ اسی طرح عیدالفطر، عیدالاضحیٰ اور ایام تشریق کے روزے رکھنا بھی حرام ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دنوں کے روزوں سے منع فرمایا ہے۔[2] ہاں البتہ یہ ثابت ہے کہ اس شخص کے لیے ایام تشریق میں (حج) تمتع اور قران کی ہدی کے بجائے روزے رکھنا جائز ہے جس کے پاس ہدی کی استطاعت نہ ہو کیونکہ صحیح بخاری میں حضرت عائشہ اور ابن عمر رضی اللہ عنہم سے روایت ہے:
Flag Counter