اگر ورثہ زینب اس خریداری کو بطورِ اسم فرضی تسلیم کر لیں تو ضرور ہزل ہی متصور ہوگی، ورنہ ہزل ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے، جب تک کہ ان کے مقابلے میں باضابطہ ثبوت اس کے باسم فرضی ہونے کا نہ دیا جائے۔ و اللّٰه أعلم۔
2۔ ترکہ زینب (بعد تقدیم ما تقدم علی الإرث ورفع موانعہ) تیرہ سہام پر تقسیم ہوگا، اس میں سے تین سہام شوہر (خالد) کو اور چار چار سہام ہر ایک دختران (ہندہ و حفصہ) کو اور دو سہام پدر (زید) کو ملے گا۔ و اللّٰه أعلم۔
3۔ دینِ مہر زینب کا جو اس کے شوہر (خالد) کے ذمہ باقی ہے، وہ بھی زینب کا ترکہ ہے، جس کی تقسیم کا طریقہ وہی ہے، جو سوال نمبر2 کے جواب میں مذکور ہوا، یعنی تیرہ سہام پر تقسیم ہو کر اس میں سے تین سہام شوہر کو اور چار چار ہر ایک دختر کو اور دو سہام پدر کو ملے گا، اب دختران اور پدر چاہیں اپنا اپنا حق شوہر سے وصول کریں یا معاف کر دیں ۔ و اللّٰه أعلم بالصواب۔
4۔ اس صورت میں ولی جائز ہندہ اور حفصہ دختران زینب کا ان کا پدر (خالد) ہے۔ پدر کے رہتے ہوے نانا ولی جائز نہیں ہے، اگرچہ بوجہ نہ ادا کرنے حق پرورش اولاد کے گنہگار قابل مواخذہ اخروی ہو اور نانا بوجہ اس حسن سلوک کے مثاب و ماجور ہو۔ و اللّٰه أعلم بالصواب۔ کتبہ: محمد عبد اللّٰه
بیوی، بیٹی، بہن اور چچا:
سوال: ایک شخص فوت ہوا اور زوجہ اور بنت اور اخت لاب و ام اور عم کو حینِ حیات میں چھوڑا، چنانچہ ظاہر سباق عصبات سے معلوم ہوتا ہے کہ عم عصبہ بنفسہٖ ہے اور اخت عصبہ مع غیرہ، پس عصبہ بنفسہٖ کو مقدم کیے ہیں مع غیرہ و بغیرہ پر اور ترجیح قرب درجہ سے معلوم ہوتا ہے کہ اخت عم سے اقرب ہے ازروئے قرب قرابت کے اور مستحق ارث بقیہ کی ہوتی ہے، اس مسئلے میں ہم لوگوں کو بہت خلجان پڑا ہے، خلاصہ طور پر جواب تحریر فرمائیں کہ حرمانی اخت کو ہے یا عم کو؟ اگر اخت کو ہے تو ’’یرجحون بقوۃ القرابۃ‘‘ سے کون کون مراد ہیں اور اگر عم محروم ہے تو اس کی محرومیت کی کیا دلیل ہے؟
جواب: اس صورت میں محروم عم ہے، نہ کہ اخت۔ اخت کو بعد دینے حصہ زوجہ و بنت کے باقی ملے گا۔
لحدیث: (( اجعلوا الأخوات مع البنات عصبۃ )) [1]انتھی علی ما في السراجیۃ، و اللّٰه أعلم بالصواب
[اس حدیث کی بنا پر: ’’بہنوں کو بیٹوں کے ساتھ عصبہ بناؤ۔‘‘ جیسا کہ یہ سراجیہ میں درج ہے] کتبہ: محمد عبد اللّٰه
عصبہ کی اقسام:
سوال: جملہ کتبِ فقہ میں سلسلہ عصبیت کا قسم چہارم کا عم الجد تک قائم رکھا ہے تو اس سلسلے میں عم الجد میں میت کے سگے دادا کا چچا مراد ہے یا اور کوئی اوپر کا جد مراد ہے؟ اگر اوپر کا جد مراد ہے تو سلسلہ عصبیت عم الجد کی کے پشت تک اوپر جائے
|