بیٹی ہیں ، ان کا نکاح حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے بعد انھیں کی وصیت کے بموجب پہلے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے ہوا تھا، ان کے بعد ان کی وصیت کے بموجب دوسرا نکاح مغیرہ بن نوفل سے ہوا۔ (أسد الغابۃ: ۵/ ۴۰۰ و ۵۲۰)
دیگر صحابیات:
اب ان عورتوں کا حال سنیے، جو رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم کی صحابیات رضی اللہ عنہن اور صحابہ رضی اللہ عنہم کی بیبیاں یا مائیں یا بیٹیاں یا بہنیں وغیرہ وغیرہ ہیں ۔
1۔ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا ۔ ان کا نکاح پہلے جعفر بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے ہوا تھا۔ ان کے بعد حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے، پھر تیسرا حضرت علی رضی اللہ عنہ سے ہوا۔ (أسد الغابۃ: ۵/ ۳۹۵، وإکمال، ص: ۳، وأسماء الرجال للشیخ عبدالحق، ورقہ: ۵۸)
2۔ حمنہ بنت جحش رضی اللہ عنہا ، جو رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی کی بیٹی ہیں ، ان کا نکاح پہلے مصعب بن عمیر رضی اللہ عنہ سے ہوا تھا، ان کے بعد دوسرا نکاح طلحہ بن عبید الله رضی اللہ عنہ سے ہوا۔
(أسد الغابۃ: ۵/ ۴۲۸، وإکمال، ص: ۸، وأسماء الرجال للشیخ عبدالحق، ورقہ: ۹۷)
3۔ حضرت ام سلیم رضی اللہ عنہا ، جو حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی ماں ہیں ، ان کا نکاح پہلے مالک بن نضر سے ہوا تھا، اس کے بعد دوسرا نکاح حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ سے ہوا۔ (أسد الغابۃ: ۵/ ۵۹۱، وإکمال، ص: ۱۵)
4۔ صفیہ بنت عبدالمطلب رضی اللہ عنہا ، جو حضرت رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی اور حضرت زبیر رضی اللہ عنہ کی ماں ہیں ، ان کا نکاح پہلے حارث بن حرب سے ہوا تھا، اس کے بعد دوسرا نکاح عوام سے ہوا۔
(أسد الغابۃ: ۵/ ۴۹۵، وإکمال، ص: ۱۷، وأسماء الرجال للشیخ عبدالحق، ورقہ: ۱۵۷)
5۔ فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا ۔ ان کا نکاح پہلے ابو حفص بن مغیرہ یا ابو عمرو بن حفص سے ہوا تھا۔ ان کے طلاق دینے کے بعد دوسرا نکاح اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے ہوا۔ (أسد الغابۃ: ۵/ ۵۲۶، وإکمال، ص: ۲۹، وأسماء الرجال للشیخ عبدالحق، ورقہ: ۲۴۱)
6۔ ہند بنت عتبہ رضی اللہ عنہا ۔ ان کا نکاح پہلے فاکہ بن مغیرہ سے ہوا تھا، اس کے طلاق دینے کے بعد دوسرا نکاح ابو سفیان رضی اللہ عنہ سے ہوا۔ (تاریخ الخلفاء، مطبع مجتبائی دہلی، ص: ۱۲۴ و ۱۳۵)
7۔ اُم کلثوم بنت العباس بن عبد المطلب رضی اللہ عنہا ۔ یہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم کی چچیری بہن ہیں ، ان کا نکاح پہلے حضرت حسن رضی اللہ عنہ سے ہوا تھا، ان کے طلاق دینے کے بعد ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے ہوا۔ ان کے بعد تیسرا نکاح عمران بن طلحہ سے ہوا۔
(أسد الغابۃ: ۵/ ۶۱۲)
8۔ ام کلثوم بنت عقبہ بن ابی معیط رضی اللہ عنہا ۔ ان کا نکاح پہلے زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ سے ہوا تھا، ان کے بعد زبیر رضی اللہ عنہ سے ہوا، ان کے بعد عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ سے ہوا۔ ان کے بعد چوتھا نکاح عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے ہوا۔
(أسد الغابۃ: ۵/ ۶۱۴، وإکمال، ص: ۳۱)
9۔ خولہ بنت قیس رضی اللہ عنہا کا نکاح پہلے حضرت حمزہ بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ سے ہوا تھا، ان کے بعد دوسرا نکاح نعمان بن عجلان سے ہوا۔ (أسد الغابۃ: ۵/ ۶۱۸)
|