431۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت ہے کہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’جس نے صبح وشام میں (( سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهِ )) سو مرتبہ پڑھا؛قیامت کے دن کوئی اس سے زیادہ افضل عمل نہیں لا سکتا سوائے اس کے جس نے اس کے برابر یا اس سے زیادہ پڑھا ہو۔‘‘ [ صحيح: رواه مسلم في الذكر والدعاء (2692).]
432۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :
’’ایک آدمی نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا:یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! مجھے رات بچھو نے کاٹ لیا۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ اگر تو شام کے وقت (أَعُوذُ بِکَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّاتِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ) ’’ میں اللہ کے مکمل کلمات کے ساتھ ہر مخلوق کے شر سے پناہ مانگتا ہوں ‘‘ پڑھ لیتا تو تمہیں یہ تکلیف نہ پہنچتی۔‘‘
اور ایک روایت میں ہے : جو کوئی شام کے وقت تین بار یہ کلمات کہے:
(( اَعُوْذُبِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّآمَّاتِ مِنْ شَرِّمَاخَلَقَ۔))
’’میں اللہ کے مکمل کلمات کے ساتھ پناہ مانگتا ہوں ، اس کی مخلوق کے شر سے ۔‘‘
تو اس رات اسے بخار کوئی نقصان نہیں دے گا۔‘‘
صحيح: رواه مسلم في الذكر والدعاء (2709). ورواه الترمذي (3604/1)، وابن ماجه (3518)، وأحمد (7898) باللفظ الثاني.
433۔ بنی اسلم کے ایک شخص فرماتے ہیں :
’’میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک صحابہ میں سے ایک صاحب تشریف لائے اور عرض کی: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! آج رات میں ڈس لیا گیا ہوں جس کی وجہ سے صبح تک نہ سو سکا۔‘‘
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: کس چیز نے ڈسا؟ کہنے لگے :بچھو نے۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’ ہائے کاش کہ تو شام کو یہ کلمات کہتا:
(( اَعُوْذُبِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّآمَّاتِ مِنْ شَرِّمَاخَلَقَ۔))
’’ میں اللہ کے تمام کلمات کی پناہ مانگتا ہوں اس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کی۔‘‘
|