Maktaba Wahhabi

89 - 432
173۔ حضرت سعید بن زید بن عمرو بن نفیل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ: ’’ ارویٰ نے ان سے گھر کے بعض حصہ کے بارے میں جھگڑا کیا تو انہوں نے کہا : ’’ اسے چھوڑ دو اور زمین اسے دے دو کیونکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ جس نے اپنے حق کے بغیر ایک بالشت بھی زمین لی تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے سات زمینوں کا طوق ڈالیں گے۔‘‘ اے اللہ! اگر یہ جھوٹی ہے تو اسے اندھا کر دے ؛اور اس کی قبر اس کے گھر میں بنا۔‘‘ راوی کہتے ہیں : میں نے اسے اندھی اور دیواروں کو ٹٹولتے دیکھا اور کہتی تھی مجھے سعید بن زید کی بد دعا پہنچی ہے ۔ایک بار وہ گھر میں چل رہی تھی؛ کنوئیں کے پاس سے گزری تو اس میں گر پڑی اور وہی اس کی قبر بن گئی۔‘‘ متفق عليه: رواه مسلم في المساقاة والمزارعة (1610: 138) واللفظ له ، ورواه البخاري في المظالم (2452) مقتصرا على المرفوع. (12): باب: مظلوم کی بد دعا سے بچنے کا بیان 174۔حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بیان کیا کہ: ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کو یمن کی طرف بھیجا تو فرمایا : ’’ مظلوم کی بد دعا سے ڈرو اس لئے کہ اس کی بد دعا اور اللہ تعالیٰ کے درمیان کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔‘‘ متفق عليه: رواه البخاري في المظالم (2448)، ومسلم في الإيمان (19). 175۔حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  ’’ مظلوم کی بد دعا سے ڈرو ؛بیشک اس کی بد دعا آسمانوں کی طرف یوں چڑھتی ہے گویا کہ وہ کوئی شرارہ ہو۔‘‘[حسن: رواه الحاكم (1/29). ]
Flag Counter