Maktaba Wahhabi

138 - 532
کیا تم نہیں دیکھتے کہ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کی ہر چیز کو تمہارے لئے مسخر کر دیا ہے،اور تمہیں اپنی ظاہری وباطنی نعمتیں بھر پور دے رکھی ہیں۔ نیز ارشاد ہے: ﴿وَسَخَّرَ لَکُمْ مَّا فِيْ السَّمَاوَاتِ وَمَا فِيْ الْأَرْضِ جَمِیْعاً مِّنْہُ إِنَّ فِيْ ذَلِکَ لَآیَاتٍ لِّقَوْمٍ یَّتَفَکَّرُوْنَ[1]۔ اور آسمان و زمین کی ہر ہر چیز کو اس نے اپنی طرف سے تمہارے تابع کر دیا ہے،یقینا اس میں غور و فکر کرنے والوں کے لئے بہت سی نشانیاں ہیں۔ یہ احسان تمام ظاہری و باطنی،حسی ومعنوی نعمتوں کو شامل ہے،چنانچہ آسمانوں اور زمین کی تمام چیزیں اس انسان کے لئے مسخر کر دی گئی ہیں،اور یہ آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان کی تمام مخلوقات سورج،چاند،ستارے وسیارے،پہاڑ،سمندر،نہریں،ہر قسم کے حیوانات،درختوں اور پھلوں،معادن اور ان کے علاوہ بنی آدم کے مصالح کو اور عبرت،فائدہ،اور لطف اندوزی کی ضرورتوں کے مصالح کو شامل ہے۔ اور یہ ساری چیزیں اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ تنہا اللہ تعالیٰ کی ذات ہی وہ معبود ہے جس کے علاوہ کسی کے لئے عبادت،ذلت وانکساری،ور حقیقی محبت لائق وسزاوار نہیں،اور یہ اللہ عز وجل کے حق ہونے اور اس کے علاوہ جن کی عبادت کی جاتی ہے ان کے باطل ہونے کے وہ عقلی دلائل ہیں جن میں شک وشبہ کی کوئی گنجائش نہیں [2]۔ ارشاد ہے: ﴿ذَلِکَ بِأَنَّ اللّٰہَ ھُوَ الْحَقُّ وَأَنَّ مَا یَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِہِ ھُوَ الْبَاطِلُ وَأَنَّ اللّٰہَ ھُوَ الْعَلِيُّ الْکَبِیْرُ[3]۔
Flag Counter